تلنگانہ اقلیتی کمیشن کےسیکشن آفیسرکا انتقال، کمیشن کے چیئر مین و افسران نے کیا اظہار افسوس

تاثیر،۲۵  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

حیدر آباد ، 25 اکتوبر ( نمائندہ خصوصی ) تلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن میں سیکشن آفیسرکے عہدے پر بر سر کار سری ٹی راج کمار کا گزشتہ 21 اکتوبر کو انتقال ہوگیا۔ وہ کافی دنوں سے بیمار تھے۔ سری ٹی راج کمارکے انتقال پر کمیشن کے چیئر مین طارق انصاری سمیت تمام افسران و عملہ نے اپنے غم کا اظہار کیا ہے۔اس موقع پر ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئر مین طارق انصاری، کمیشن کے سکریٹری کے پرساد اور دیگر افسران و ملازمین نے سوگ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سری ٹی راج کمار کی ناگہانی موت سے خاص طور پر کہ یہ کمیشن کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔ کمیشن کے چیئر مین طارق انصاری نے اپنے تعزیتی کلمات میں کہا کہ سری ٹی راج کمار کو اقلیتی امور سے متعلق تقریباََ دس برسوں کا تجربہ حاصل تھا۔ ان کی کمی کو عنقریب پورا کرنا بہت مشکل ہے۔تعزیتی جلسے کے اختتام پر کمیشن کے چیئر مین، تمام افسران اور سبھی عملہ نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے متوفی سری راج کمار کی آتما کی شانتی اور ان کئ لواحقین کے صبر و سکون کے لئے دعائیں کی گئیں۔