تین ہندوستانی کھلاڑی جنہوں نے ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹس میں ڈبل سنچریاں بنائیں

تاثیر،۲۲  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ،22اکتوبر:کرکٹ کے کسی بھی فارمیٹ میں سنچری اسکور کرنا آسان کام نہیں ہے۔ سنچری بنانے کے لیے کھلاڑی کو زیادہ دیر تک کریز پر رہنا پڑتا ہے اور بیٹنگ کرنی پڑتی ہے اور کچھ بہترین شاٹس بھی کھیلنا ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اگر آپ کو ڈبل سنچری اسکور کرنی ہے تو کام اور بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ ڈبل سنچری بنانے کے لیے کسی بھی کھلاڑی کو گھنٹوں بیٹنگ کرنی پڑتی ہے۔
اب تک کئی ہندوستانی بلے باز ایسے ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنائی ہے۔ ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ سچن تیندولکر کے پاس ہے جب کہ فی الحال سابق کپتان وراٹ کوہلی بھی ان کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ وراٹ کوہلی اب تک کرکٹ میں کئی ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری بھی بنا چکے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک کئی ہندوستانی بلے باز ڈبل سنچریاں بنا چکے ہیں۔ اس میں سچن تیندولکر، راہل دراوڈ، وی وی ایس لکشمن، وراٹ کوہلی، کرون نائر جیسے کھلاڑیوں کے نام نمایاں ہیں لیکن ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے کی بات کی جائے تو اب تک صرف 3 کھلاڑی ہی یہ کارنامہ انجام دے پائے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ون ڈے اور ٹیسٹ دونوں فارمیٹس میں ڈبل سنچریاں بنانے کا ریکارڈ صرف 3 ہندوستانی بلے بازوں کے پاس ہے۔
. سچن تیندولکر
ماسٹر بلاسٹر سچن تیندولکر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز تھے۔ انہوں نے یہ کارنامہ 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف گوالیار میں انجام دیا تھا۔ ان سے پہلے کسی بھی بلے باز نے ون ڈے میں ڈبل سنچری نہیں بنائی تھی اور تیندولکر یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بلے باز بن گئے تھے۔سچن تیندولکر نے ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی 6 ڈبل سنچریاں اسکور کیں ۔ ان کا سب سے زیادہ ٹیسٹ اسکور 248 رنز ہے۔
۔وریندر سہواگ
سابق اوپنر وریندر سہواگ بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں میں ڈبل سنچریاں اسکور کی ہیں۔ وریندر سہواگ نے ٹیسٹ کرکٹ میں دو مرتبہ ٹرپل سنچری بنانے کا کارنامہ بھی انجام دیا ہے۔ انہوںنے 8 دسمبر 2011 کو ہولکر اسٹیڈیم، اندور میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تیز ڈبل سنچری بنائی۔ سہواگ نے صرف 149 گیندوں پر 25 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 219 رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے علاوہ وریندر سہواگ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 6 مرتبہ ڈبل سنچری اسکور کی ہے۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 319 رنز ہے۔
۔روہت شرما
ہندوستانی ٹیم کے اوپننگ بلے باز روہت شرما دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ون ڈے میں 3 ڈبل سنچریاں اسکور کی ہیں۔ کسی بھی بلے باز کے لیے ون ڈے میں 100 رنز بنانا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن روہت شرما نے اب تک 3 ڈبل سنچریاں اسکور کی ہیں۔ ان کی 150 سے اوپر کی کئی اننگز بھی ہیں۔ ون ڈے میں سب سے زیادہ انفرادی سکور (264 رنز) بنانے کا ریکارڈ بھی روہت شرما کے پاس ہے۔
روہت شرما نے نہ صرف ون ڈے بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی کئی بہترین اننگز کھیلی ہیں۔ جب انہوں نے 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تو پہلے ہی میچ میں انہوں نے 177 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے نام ڈبل سنچری بھی ہے۔ 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں روہت شرما نے 212 رنز کی اننگز کھیلی، جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔