تاثیر،۲۲ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
جموں ،22 اکتوبر: جموں و کشمیر کے مختلف حصوں سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے ایک سو گیارہ نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس سے اس سال اب تک کیسوں کی کل تعداد 4170 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آج صرف جموں ضلع سے 73 معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ ادھم پور اور کٹھوعہ اضلاع سے 8-8، سانبہ سے 7، ڈوڈہ سے 6، راجوری اور کشتواڑ سے 3-3، ریاسی سے 1 اور باہر سے 2 معاملے سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مثبت مریضوں میں 98 بالغ اور 13 بچے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک سب سے زیادہ 2765 معاملے جموں ضلع سے ہیں، اس کے بعد ضلع ادھم پور میں 513، کٹھوعہ میں 331 اور سانبہ میں 271 کیس ہیں۔ عہدیدار نے کہا کہ اجوری میں 77، رامبن میں 45، ریاسی میں 42، ڈوڈہ میں 36، پونچھ میں 25، کشتواڑ میں 7، کشمیر میں 22 اور ملک کے دیگر حصوں سے 32 معاملے سامنے آئے ہیں۔عہدیدار نے مزید بتایا کہ اب تک ڈینگی کے کل 1334 مریض اسپتالوں میں داخل ہوچکے ہیں جن میں سے 1206 کو ڈسچارج کردیا گیا ہے اور 92 مریض تاحال زیر علاج ہیں جبکہ رواں سیزن میں ڈینگی سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔خطے میں ڈینگی کے کیسز ہر روز بڑھ رہے ہیں۔اس لئے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے گھروں کے اندر اور اس کے ارد گرد پانی کا جمود نہ ہونے کو یقینی بنائیں کیونکہ ٹھہرے ہوئے پانی میں ڈینگی کی مچھروں کی افزائش ہوتی ہے۔

