تاثیر،۹ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن
پٹنہ، 09 اکتوبر 2023:-وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار آج 4دیش رتن مارگ واقع وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ احاطہ میں منعقد ’جنتا کے دربار میں وزیر اعلیٰ‘پروگرام میں شامل ہوئے ۔ ’جنتا کے دربار میں وزیر اعلیٰ‘پروگرام میں وزیر اعلیٰ نے ریاست کے مختلف اضلاع سے پہنچے 76لوگوں کے مسائل کو سنا اور متعلقہ محکموں کے حکام کو حل کے لیے مکمل کارروائی کرنے کی ہدایت دی ۔
آج ’جنتا کے دربار میں وزیر اعلیٰ‘ پروگرام میں جنرل ایڈ منسٹریشن محکمہ ، صحت محکمہ ، تعلیم محکمہ ، سماجی فلاح محکمہ ، پسمانہ اور انتہائی پسماندہ بہبود محکمہ ، مالیات محکمہ ، ایس سی ،ایس ٹی فلاح محکمہ ، اقلیتی فلاح محکمہ ، سائنس و ٹیکنا لوجی محکمہ ، اطلاعات و ٹیکنا لوجی محکمہ ، فن و ثقافت اور یوتھ محکمہ ، لیبر وسائل محکمہ اور آفات مینجمنٹ محکمہ سے متعلق مسائل کی سماعت ہوئی ۔
’جنتا کے دربار میں وزیر اعلیٰ‘پروگرام میں مدھوبنی ضلع سے آئے جناب منا پاسوان نے فریاد کر تے ہوئے کہا کہ میرے والدکے ذریعہ لیے گئے بنک کا قرض ان کی موت کے بعد واپس نہیں کر پانے کے سبب بنک کے ذریعہ بہت پریشان کیا جارہا ہے ۔ مجھے اس سے راحت دلائی جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکمہ کو مناسب کارروائی کر نے کی ہدایت دی ۔
جموئی ضلع سے آئے فریادی جناب مکیش کمار نے کہا کہ ’بہار اسٹو ڈنٹ کریڈٹ کارڈ ‘منصوبہ کے تحت مجھے ملنے والی دوسری قسط نہیں مل پائی ہے ۔ میں کرشنا کالج سیکندرا میں پی سی اے کا طالب علم ہوں ، مہربانی کر کے مجھے رقم مہیا کرائی جائے ۔وزیر اعلیٰ نے مناسب کارروائی کر نے کی ہدای دی ۔
سارن ضلع سے آئے معذور جناب نوین پرساد نے فریاد کر تے ہوئے کہا کہ معذوروں کو ملنے والی بیٹری سے چلنے والی ٹرائی سائیکل مجھے مہیا کرائی جائے تاکہ مجھے سہولت ہو سکے ۔وزیر اعلیٰ نے سماجی فلاح محکمہ کو مکمل کارروائی کر نے کی ہدایت دی ۔
مظفر پور ضلع سے آئے ایک والد نے فریاد کر تے ہوئے کہا کہ میری بیٹی کرن کمار کو وزیر اعلیٰ گرلس(گریجویشن)حوصلہ افزا منصوبہ کا فائدہ ابھی تک نہیں ملاہے ۔ درخواست دیے ہوئے تین سال گزر گئے وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعلیم کو مکمل کارروائی کرنے کی ہدایت دی ۔
بیگوسرائے ضلع سے آئے جناب ناگیشور رجک نے شکایت کر تے ہوئے کہا کہ مرڈر کیس میں ملزمین کے ساتھ ساز باز کر کے پولیس افسران کے ذریعہ کیس اٹھانے سے متعلق مجھ پر دبائو بنایا جارہا ہے ،برائے مہر بانی مجھے پولیس سے انصاف کے ساتھ مدد دلائی جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکمہ کو مکمل کارروائی کر نے کی ہدایت دی ۔
کشن گنج ضلع سے آئے ایک فریادی محمد منظر عالم نے کہا نے میں معاشی طور سے بہت کمزور ہوں ۔ امراض قلب کے علاج کے لیے مجھے اقتصادی مدد مہیا کرائی جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکمہ کو مکمل کارروائی کر نے کی ہدایت دی ۔
بھاگلپور سے آئے ہوئے ایک شخص نے شکایت کر تے ہوئے کہا کہ میرے ایک اہل خانہ کی کورونا کے سبب موت ہو گئی تھی لیکن اب تک منظور کی گئی مدد کی رقم فراہم نہیں ہو سکی ۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکمہ کو مکمل کارروائی کر نے کی ہدایت دی ۔
سہر سہ ضلع سے آئی ایک طالبہ امیسا ساکشی نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کر تے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ گرلز(گریجویشن)حوصلہ افزا منصوبہ کے تحت ملنے والی رقم کا فائدہ اب تک نہیں ملا ہے ۔ وہیں سہرسہ ضلع سے ہی آئے ہوئے ایک دیگر شخص نے فریاد کر تے ہوئے کہا کہ میرا 19سال کا بیٹا غسل کر نے کے دوران پانی میں ڈوب گیا تھا ،جس سے اس کی موت ہو گئی تھی ۔پانی میں ڈوبنے سے موت ہونے پر ملنے والی مدد کی رقم کی ادائیگی ابھی تک مجھے نہیں ہوئی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکمہ کو مکمل کارروائی کر نے کی ہدایت دی ۔
کھگڑیا ضلع سے آئے ایک فریادی نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اپریل 2019سے مئی 2021تک وزیر اعلیٰ معمر پنشن منصوبہ کی بقایہ رقم نہیں مل پائی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے سماجی فلاح محکمہ کو مکمل کارروائی کر نے کی ہدایت دی ۔
گیاضلع سے آئے ایک شخص نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کر تے ہوئے کہا کہ بودھ گیا واقع میڈل اسکول کو ہائی اسکول میں اپگریڈ کیا جائے،جس سے وہاں کے طلبا کو سہولت ہو سکے ۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعلیم کو مکمل کارروائی کر نے کی ہدایت دی ۔
جنتا کے دربا میں وزیر اعلیٰ پروگرام میں خزانہ، کمرشیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجے کمار چودھری، وزیر تعلیم جناب چندر شیکھر، سماجی فلاح کے وزیر جناب مدن سہنی، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات بہبود کی وزیرمسز انیتا دیوی، فن، ثقافت اور محکمہ یوتھ کے وزیر جناب جتیندر کمار رائے، سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر جناب سمیت کمار سنگھ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر جناب اسرائیل منصوری، لیبر وسائل کے وزیر جناب سریندر رام، ایس سی ،ایس ٹی بہبود کے وزیر جناب رتنیش سدا، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری جناب عامر سبحانی، ڈی جی پی مسٹر آر ایس بھٹی، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، متعلقہ محکموں کے ایڈیشنل چیف سکریٹریز/ پرنسپل سکریٹریز/ سکریٹریز، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر انوپم کمار، وزیر اعلیٰ کے اویس ڈی مسٹر گوپال سنگھ، پٹنہ کے ڈی ایم مسٹر چندر شیکھر سنگھ اورایس ایس پی مسٹر راجیو مشرا موجود تھے۔