تاثیر،۲۱ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
بنگلورو ، 21 اکتوبر: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے جمعہ کو خواتین کے ایف آئی ایچ ہاکی اولمپک کوالیفائر کو چانگ زو، چین سے رانچی، بھارت منتقل کر دیا۔ یہ فیصلہ چین کی خواتین کی ہاکی ٹیم کے 2022 میں ہانگزو میں ہونے والے 19ویں ایشین گیمز جیت کر پیرس 2024 اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔
خواتین کاایف آئی ایچ ہاکی اولمپک کوالیفائر 13 جنوری سے 19 جنوری 2024 تک جھارکھنڈ کے مرانگ گومکے ، رانچی کے جے پال سنگھ آسٹروٹرف ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ ہندوستان کے علاوہ دنیا بھر سے سات قومی ٹیمیں خواتین کے ایف آئی ایچ ہاکی اولمپکس کے لیے رانچی جائیں گی۔ اس ٹورنامنٹ میں ٹاپ تھری میں آنے والے ممالک اگلے سال ہونے والے اولمپکس میں اپنی جگہ محفوظ کر لیں گے۔مزید برآں ، دیگر تین ایف آئی ایچ ہاکی اولمپک کوالیفائر مسقط ، عمان (مرد – 15-21 جنوری 2024) اور ویلنسیا ، اسپین (خواتین اور مرد – 13-21 جنوری 2024) میں کھیلے جائیں گے۔رانچی میں خواتین کے ایف آئی ایچ ہاکی اولمپک کوالیفائر کی میزبانی پر، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا ’ عالمی ہاکی برادری کا جھارکھنڈ میں خیرمقدم کرنا اعزاز کی بات ہے۔ ہم آنے والے دنوں میں ایشیا کی کچھ بہترین ہاکی ٹیموں کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔ جھارکھنڈ 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے والا ہے اور اب اس ایونٹ کی میزبانی ملک میں کھیلوں کے بڑھتے ہوئے مرکز کے طور پر جھارکھنڈ کی پوزیشن کو مزید مضبوط کرے گی۔ ہمیں اس طرح کے باوقار ایونٹ کی میزبانی کرنے پر فخر ہے۔ ہاکی انڈیا کی صدر پدما دلیپ ٹرکی نے کہا ، ’ ہمیں ہاکی انڈیا میں خوشی ہے کہ ایف آئی ایچ نے خواتین کے ایف آئی ایچ ہاکی اولمپک کوالیفائر کی میزبانی کے لیے ہندوستان کی تجویز کی حمایت کی ہے۔ یہ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑا ایونٹ ہے، اور ہم پرجوش ہیںکہ یہ ہماری ٹیم پر ہو گا۔ ہندوستانی شائقین کی حمایت کی وجہ سے ہوم ٹرف بلاشبہ ہمارے کھلاڑیوں کے پیرس 2024 اولمپکس میں بہترین کارکردگی اور اپنی جگہ کو محفوظ بنانے کے عزم کو فروغ دے گا۔انہوں نے کہا ’ ہم جھارکھنڈ کی حکومت اور ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہیں گے کہ انہوں نے اس تقریب کی میزبانی میں مدد کی۔’بھولا ناتھ سنگھ، سکریٹری جنرل ، ہاکی انڈیا نے کہا ، ایف آئی ایچ کی جانب سے رانچی میں کوالیفائر کی میزبانی کی ہندوستان کی تجویز کی حمایت کرنا بین الاقوامی سطح پر ہندوستانی ہاکی کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو اجاگر کرتا ہے۔ ہمیں یہ ذمہ داری سونپنے پر ہم ایف آئی ایچ کے بے حد مشکور ہیں۔

