تاثیر،۱۱ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
جنوبی فلم انڈسٹری میں مسالہ فلمیں کرنے کے بعد تاپسی نے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور اپنی مقبولیت میں اضافہ کیا۔ اداکاری کے ساتھ تاپسی نے بطور پروڈیوسر بھی کام کرنا شروع کیا۔ بطور پروڈیوسر ان کی دوسری فلم ‘دھک دھک’ اس وقت خبروں میں ہے۔فلم کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز ہوا تھا جس کو شائقین کی جانب سے اچھا رسپانس ملا تھا لیکن اب فلم اور پروڈیوسر تاپسی پنو ایک اور وجہ سے خبروں میں ہیں۔ تاپسی فلم کے شریک پروڈیوسر سے ناراض ہیں اور اپنی ناراضگی کا اظہار بھی کر چکی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تاپسی فلم کی مارکیٹنگ کی حکمت عملی اور فلم کو ریلیز کرنے میں وایاکوم 18 کی جلد بازی سے ناخوش ہیں۔ ٹریلر ریلیز سے چار دن پہلے تاپسی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے فلم سے متعلق تمام پوسٹس کو ڈیلیٹ کر دیا اور خود کو فلم اور اس کی تشہیر سے دور کر لیا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے تاپسی نے کہا، ‘میں اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتی۔ میں فلم کا انتظار کر رہی ہوں، یہ دیکھنے کے لیے بے چین ہوں کہ شائقین اس پر کیا ردعمل دیں گے۔ میں اپنے اردگرد کوئی منفی چیز نہیں چاہتی۔ تاپسی نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ فلم کے شریک پروڈیوسر اسے سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ ‘دھک دھک’ چار خواتین کی دوستی اور خود کو دریافت کرنے کی کہانی ہے۔ اس فلم میں رتنا پاٹھک شاہ، دیا مرزا، سنجنا سانگھی اور فاطمہ ثنا شیخ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

