تاثیر،۱۸ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
لوگوں میں خوف وہراس، ایک شخص کے زخمی ہونے کی خبر
دگھوارا (سارن)
بلاک کے آمی گھاٹ پر ندی سے مگرمچھ کے نکلنے سے علاقے میں ہلچل مچ گئی۔مگرمچھ کے حملے سے ریت اتارنے والے ایک مزدور کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔حالانکہ اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔نوراتری کی وجہ سے گھاٹ کے قریب واقع مشہور شکتی پیٹھ امبیکا بھوانی مندر میں عقیدت مندوں کی کثیر بھیڑ اکٹھا ہو رہی ہے۔مندر کے قریب مگرمچھ کے آنے اور ایک مزدور کے زخمی ہونے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔مگرمچھ کے باہر آنے کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بھیڑ موقع پر جمع ہو گئی۔کافی کوشش کے بعد گاؤں والوں نے مگرمچھ کو پکڑ کر رسیوں سے باندھا اور محکمہ جنگلات کی ٹیم کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کی ٹیم موقع پر پہنچی اور گاؤں والوں سے مگر مچھ کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ڈویژنل فارسٹ آفیسر سری رام سندر ایم نے بتایا کہ بچائے گئے مگرمچھ کو ابتدائی معائنہ اور جانوروں کے ڈاکٹر کے ذریعہ ٹیگ کرنے کے بعد واپس گنڈک ندی میں چھوڑ دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ مگرمچھ قدرتی طور پر دریائے گنڈک میں پایا جاتا ہے اور یہ سورج کی روشنی حاصل کرنے کے لیے دریا سے نکل کر کناروں تک آتا ہے۔مگرمچھ مچھلی کھانے والا جانور ہے۔یہ عام طور پر بے ضرر ہوتا ہے اور انسانوں پر حملہ نہیں کرتا۔یہ تب ہی حملہ کرتا ہے جب اکسایا جاتا ہے۔اسے وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت تحفظ حاصل ہے اور مگرمچھ کو نقصان پہنچانے پر 3 سال قید اور جرمانے کا قانون ہے۔

