دھنباد میں غیر قانونی کانکنی کے دوران چال دھنسنے سے دو افراد ہلاک، 10-12 افراد کے ملبے میں دبنے کا خدشہ

تاثیر،۱۶  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

دھنباد، 16 اکتوبر: جھارکھنڈ کے دھنباد میں غیر قانونی کان کنی کے دوران چال کے دھنس جانے کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ یہ واقعہ ای سی ایل موگما کے علاقے کاپاسارا آوٹ سورسنگ میں پیش آیا، جہاں کوئلے کی غیر قانونی کھدائی کے دوران چال دھنسنیسے دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ دس سے بارہ افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ اس واقعہ کو لے کر مقامی لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ نیرسا کے علاقے ای سی ایل موگما کے تحت کاپاسارا آؤٹ سورسنگ کی بند کان میں پیش آیا۔ کچھ مزدور پیر کی صبح یہاں غیر قانونی کان کنی کر رہے تھے۔ اس دوران کان کے قریب واقع گرم کھاد نامی تالاب کا سارا پانی آوٹ سورسنگ میں جذب ہو گیاجس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔
اس واقعہ میں مرنے والے دو لوگوں کی شناخت یمنا راجونشی (37) ساکن اگیار کنڈ جنوبی پنچایت کے سیارکنالی اور تاپس داس (24) ساکن کیشرکلور کے طور پر کی گئی ہے۔ واقعے کے بعد آؤٹ سورسنگ کمپلیکس میں خاموشی ہے۔ انتظامیہ کے لوگ چھپ چھپ کر آتے جاتے ہیں۔ جائے وقوعہ سے صرف 100 میٹر کے فاصلے پر واقع کولیری آفس کے افسران اور ملازمین اس معاملے میں کچھ بھی بتانے سے گریز کر رہے ہیں۔ تاہم ای سی ایل انتظامیہ نے جائے وقوعہ کے قریب جے سی بی مشین لگا کر فلنگ کا کام شروع کر دیا ہے۔ پولیس انتظامیہ سے وابستہ کوئی اہلکار موقع پر نہیں پہنچا۔
واقعہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی رات دیر گئے ایک درجن سے زائد لوگ غیر قانونی کان کنی کرنے کے لیے کاپا سارا اوپی سی کے مہانے میں داخل ہوئے۔ گزشتہ چار ماہ سے تکنیکی اور قانونی وجوہات کی بنا پر کولیری کی پیداوار میں خلل پڑا ہے۔ ادھر اوسی پی انتظامیہ کے ذریعہ جہاں بینچ کٹنگ کر پیداوار کی گئی تھی ، جسے 200-300 سے زائد کوئلے کے اسمگلروں کے ذریعہ کھول کر رکھ دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ اس غیر قانونی کان میں کوئلے کی پیداوار کے دوران پیش آیا۔