راجستھان انتخابات: کانگریس ہر سال خواتین کو 10,000 روپے دے گی، 500 کا سلنڈر دینے کا بھی وعدہ

تاثیر،۲۵  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

جے پور،25؍اکتوبر:: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے بدھ کے روز کہا کہ اگر ریاست میں کانگریس کی حکومت واپس آتی ہے تو 1 کروڑ 5 لاکھ خاندانوں کو 500 روپے میں ایل پی جی سلنڈر دیا جائے گا۔ خاندان کی خاتون سربراہ کو ہر سال 10,000 روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔چیف منسٹر اشوک گہلوت نے کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کی موجودگی میں جھنجھنو کے اراداوتا میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ اگر ہماری حکومت آتی ہے تو 1 کروڑ 5 لاکھ خاندانوں کو 500 روپے میں ایل پی جی سلنڈر ملے گا۔ خاندان کی خاتون سربراہ کو ہر سال 10,000 روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا، “خاندان کی خاتون سربراہ کو گرہ لکشمی گارنٹی کی شکل میں 10,000 روپے سالانہ قسطوں میں ملیں گے۔” راجستھان میں 200 سیٹوں کے لیے 25 نومبر کو ووٹنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔پرینکا گاندھی کی میٹنگ میں بی جے پی کے کئی لیڈر کانگریس میں شامل ہوئے۔ قومی کمیشن برائے خواتین کی سابق چیئرپرسن ممتا شرما نے اسٹیج پر پہنچ کر کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔ اس کے علاوہ کشن گڑھ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے وکاس چودھری بھی کانگریس پارٹی میں شامل ہو گئے۔ دھول پور ایم ایل اے شوبھرانی کشواہا نے بھی کانگریس کی رکنیت لے لی۔ راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس کو ووٹ دینے کے بعد بی جے پی نے انہیں نکال دیا۔