سونیا گاندھی پرینکا کے ساتھ چنئی پہنچ گئیں، ڈی ایم کے کی خواتین کے حقوق کانفرنس میں شرکت کریں گی

تاثیر،۱۴  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

چنئی، 14 اکتوبر:کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی چنئی پہنچ گئی ہیں۔ یہاں وہ ڈی ایم کے خواتین کے حقوق کانفرنس میں شرکت کریں گی۔ تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی کا استقبال کرنے ایئرپورٹ پہنچے۔ سی ایم کے علاوہ ڈی ایم کے ایم پی کنیموزی کروناندھی اور ٹی آر بالو بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔یہ کانفرنس، ‘مگلیر اورمائی مناڈو’، ڈی ایم کے کے آنجہانی سرپرست اور سابق وزیر اعلی ایم کروناندھی کی صد سالہ تقریبات کا حصہ ہے۔ڈی ایم کے خواتین ونگ کی سربراہ اور ایم پی کنیموزی کروناندھی نے ایک بیان میں کہا کہ کانفرنس میں مرکز سے مطالبہ کیا جائے گا کہ خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کو فوری طور پر نافذ کیا جائے۔ میٹنگ میں سونیا گاندھی کی شرکت کو کانگریس اور ڈی ایم کے کے درمیان ہم آہنگی کی ایک بڑی علامت سمجھا جا رہا ہے اور ان کی موجودگی سے کانفرنس اور اس طرح ڈی ایم کے کو بڑا فروغ ملے گا۔تمل ناڈو کانگریس کمیٹی (ٹی این سی سی) کے صدر اور کانگریس کے سینئر لیڈر کے ایس الاگیری نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سونیا گاندھی پروگرام کے موقع پر پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل اے سے بھی مل سکتی ہیں۔