تاثیر،۸ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن
ہماری حکومت نے دو لاکھ نوکری کا وعدہ کیا تھا،چار لاکھ مل چکی ہے باقی وقت رہتے دی جائے گی۔تیجسوی یادو
سہرسہ/8 اکتوبر (سالک کوثرامام)یوا جن سمواد پروگرام میں بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادوآج بروزاتوار سہرسہ پہنچے۔ اس دوران نائب وزیر اعلیٰ نے دیہی تعمیرات محکمہ، روڈ کنسٹرکشن ڈپارٹمنٹ ووڈکو کے ذریعے بنائےگئے سہرسہ میونسپل کارپوریشن علاقے میں اسٹورم واٹر، ڈرینج اسکیم اور محکمہ صحت سے متعلق اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا،اس موقع پر ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو نے سب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے سہرسہ آنا ہمیشہ اہم رہا ہے، پچھلی بار جب میں سہرسہ آیا تھا، اس وقت لوگ مطالبہ کر رہے تھے کہ ڈینگراہی گھاٹ پر پول بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اسے کابینہ سے منظوری مل گئی ہے۔اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ذریعے سہرسہ ضلع کو ماڈل ہسپتال کا تحفہ ملا ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ذریعے 500 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے میڈیکل کالج کو کابینہ نے منظوری دے دی ہے اور بہت جلد کام شروع ہو جائے گا۔تیجسوی یادو نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج 203 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی مختلف اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا گیا۔ اور کہا کہ میری خاص توجہ کوسی پر ہے۔میں نے ہمیشہ کوسی میں سماجی انصاف کے لیے جدوجہد کی ہے اور لوگوں کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے کام کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نوجوانوں کو آنے والے 40 سالوں تک مل کر لڑنا ہے۔آر جے ڈی کی طاقت یوا آر جے ڈی ہے۔ بی جے پی پورے ملک پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ پچھلے سال وزیراعلی اور ہم نے مل کر بی جے پی کو جواب دیا تھا۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ آج پورے ملک کی اپوزیشن متحد ہے۔آج حالات ایسے ہیں کہ جو کبھی میک ان انڈیا کا نعرہ دیا کرتے تھے۔ آج وہ انڈیا کہنے سے گریز کر رہے ہیں۔ آج وزیر اعظم خوفزدہ ہیں، اس لیے لفظ انڈیا سے گریز کر رہے ہیں۔ ہم لوگوں کو بھارت اورانڈیاکہنے میں کوئی دقت نہیں ہے۔تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار ایک ایسی ریاست ہے جہاں 10 لاکھ نوکریاں فراہم کی جانی ہیں۔ تقریباً 4 لاکھ لوگوں کو نوکریاں دی گئی ہیں۔ ہر محکمے میں بحالی کا عمل جاری ہے۔ آج ہندو مسلم اور ہندوستان پاکستان کی جگہ روزگارکی بات ہورہی ہے۔ تیجسوی یادو نے کہاکہ ہم نے ذات کی مردم شماری کی تجویز رکھی تھی، اسے مکمل کیا۔ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ہم نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور مردم شماری کی درخواست کی، لیکن اسے مسترد کر دیا گیا۔ یہ مردم شماری کسی کے خلاف نہیں۔ اس سے ہمیں پتہ چلے گا کہ کس کی پوزیشن کیا ہے۔ اس سے منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔تیجسوی یادو نے کہا کہ جو لوگ ذات کی مردم شماری کی مخالفت کر رہے ہیں وہ بی جے پی کے لوگ ہیں۔ اپوزیشن مرکز سے پورے ملک میں مردم شماری کرانے کو کہے۔اس دوران تیجسوی یادو نے چراغ پاسوان اور مانجھی پر بھی بات کی۔ چراغ کو فراہم کی گئی سیکیورٹی پر ڈپٹی سی ایم نے کہا کہ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ آنکھ سے آنکھ ملاکر بات کرنے والےہیں۔ ڈرتے تو ہیں چوری کرنے والے۔ میرے خلاف 2017 سے مقدمہ چل رہا ہے۔ اس وقت میری عمر کیا تھی، جو بی جے پی کے حق میں بات کرتا ہے وہ صاف ستھرا ہو جاتا ہے۔بی جے پی صرف بہار سے ڈرتی ہے اور ان میں بھی سب سے زیادہ لالو جی سے۔ ان لوگوں نے ہمارے گھر والوں کو بھی ڈرانے کی کوشش کی ہے، اس کا کیا ہوگا؟ ہم نہ کبھی ڈرے تھے اورنہ کبھی ڈریں گے۔ 90 سے پہلے اور بعد کی سماجی سطح کا اندازہ لگائیں، کیا حالات بہتر نہیں ہوئے؟ جی ڈی پی کی پہلے کی صورتحال اور آج کی صورتحال بھی دیکھیں۔پروگرام سے قبل ڈپٹی ڈویلپمنٹ کمشنر نے تیجسوی یادو کا زوردار استقبال کیا، اس کے علاوہ پارٹی کارکنان نے بھی راستے میں کئی جگہ پرزور استقبال کیا ۔پروگرام میں سہرسہ کی میئر بین پریہ،ڈپٹی میئر عمر حیات عرف گڈوحیات،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سہرسہ، ایس پی سہرسہ ودیگر افسران کے علاوہ ہزاروں پارٹی کارکنان و عوام نے شرکت کی۔

