تاثیر،۱۴ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
تقریب سے ارشد فیروز، ڈاکٹر اسلم جاوداں، محمد انور،سبودھ کمار ،یعقوب اشرفی اور دیگر سرکردہ شخصیتوں کا خطاب
پٹنہ،14اکتوبر(پریس ریلیز):راجدھانی پٹنہ کے قلب اشو ک راج پتھ میں خدا بخش لائبریری اور بہار اردو اکادمی کے سامنے دیپ گنگا کمپلیکس میں واقع ریاست کے مشہور تعلیم و تربیت کے ادارہ سیڈ کوچنگ سنٹر میں کمپیوٹر اور انگریزی اردو سمیت دیگر اہم ترین ووکیشنل کورسز کی تکمیل کے موقع پر سنیچر کوتقسیم اسناد اور الوداعیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت گورنمنٹ اردو لائبریری کے چیئرمین ارشد فیروز نے کی جبکہ مہمانان کی حیثیت سے اردو کونسل ہند کے ناظم اعلیٰ الحاج ڈاکٹر اسلم جاوداں، پٹنہ ہائی کورٹ کے ایڈوکیٹ سبودھ کمار،الحرا پبلک اسکول شریف کالونی کے ڈائریکٹر محمد انور اور سینئر استاذ مولانا حامد حسین ندوی ، سرگرم سیاستداں مولانا شکیل ہاشمی ، پرویز عالم، عتیق الرحمٰن شعبان اور دیگرکئی سرکردہ شخصیتوں نے شرکت کرکے سیڈ کوچنگ سنٹر کی تعلیمی خدمات کی بھرپور ستائش کی اور اس کی سرگرمیوں کو دیکھ کر خوشی و اطمینان کااظہار کرتے ہوئے اس پورے نظام کو بہت ہی عمدہ طریقے سے چلانے کے لیے منتظم اور آکسفیم کے ڈائرکٹر ڈاکٹر یعقوب اشرفی کو پُرخلوص مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر مہمانان کے ہاتھوں ستمبر 2023تک کمپیوٹر ووکیشنل تعلیم میں ڈی سی اے، اے ڈی سی اے، ٹیلی اور گرافکس، حفاظ اور عالم کے لیے چلائے جانے والے کمپیوٹر و انگریزی ووکیشنل تعلیم کے تحت اسکالرشپ کے ساتھ ہی اسکل انڈیا ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 40طلبا کے درمیان اسناد تقسیم کرکے انہیں دعائوں سے نوازا گیا اور انہیں زندگی کے عملی میدان میں تہذیب و تمدن اور اخلاقیات کی پاسداری کے ساتھ خدمت خلق کے جذبے سے کام کرنے کی نصیحت دی گئی۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں سیڈ کوچنگ سنٹر کے انچارج اور آکسفیم کے ڈائرکٹر ڈاکٹر یعقوب اشرفی نے سبھی مہمانوں اور طلبا و طالبات کا والہانہ استقبال کیا اور سیڈ کوچنگ سنٹر میں چلائے جا رہے مختلف کورسز و تربیتی پروگراموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کورسز میں شریک سبھی طلبا و طالبات کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور انہیں پختہ عزائم و ارادے کے ساتھ زندگی کے تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ڈاکٹر یعقوب اشرفی نے کہا کہ تعلیم پہلی ترجیح کا مطالبہ کرتی ہے۔ جس دن ہماری قوم اور ملت تعلیم کو اپنی پہلی ترجیح بنا لیگی اس دن ترقی کے راستے کھل جائیں گے۔ اپنے صدارتی خطاب میں گورنمنٹ اردو لائبریری کے چیئرمین ارشد فیروز نے کہا کہ تعلیم کی بہت زیادہ اہمیت ہے جس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا اور تعلیم کے علاوہ زندگی میں ترقی کے لیے کوئی دوسرا راستہ بھی نہیں ہے۔ خاص طور پر تعلیم نسواں موجودہ دور کی شدید ضرورت ہے جس پر ہمیں خاص توجہ دینی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خوش نصیبی ہے کہ کچھ دنوں تک مدرسہ بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ بھی سنبھالنے کا موقع ملا۔ جب وہ حفاظ کرام اور علمائے کرام کو دیکھتے ہیں تو انہیں بہت خوشی ہوتی ہے اور قلبی سکون و اطمینان بھی حاصل ہوتا ہے۔ ارشد فیروز نے کہا کہ مدارس اسلامیہ سماج کا بیش قیمتی سرمایہ ہے

جس کے تحفظ اور فروغ کی شدید ضرورت ہے۔ یہ ادارے علم کا عظیم گہوارہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سماج سے ذہین و باصلاحیت لوگ آگے بڑھ رہے ہیں جن کی صلاحیت کو بہتر انداز میں یعقوب اشرفی نے سمجھا ہے اور انہیں آگے بڑھانے کی بہترین کوشش کی ہے جو قابل ستائش ہے۔ سیڈ کوچنگ سنٹر کے ذریعہ تاجر طبقہ کی بھی حوصلہ افزائی تربیت کے ساتھ کی جا رہی ہے۔ یہ بھی ایک عظیم کارنامہ ہے۔ آج کا دورہ کمپیوٹر کا ہے۔ وقت کے ساتھ چلنا ضروری ہے۔ڈاکٹر اسلم جاوداں نے کہا کہ اپنی تہذیب و ثقافت کو زندہ رکھتے ہوئے زندگی کے ہر میدان میں آگے بڑھنا چاہیے اور تعلیم پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔ کیونکہ یہی ہم سبھوں کی ترقی کا راستہ ہے۔ الحرا پبلک اسکول کے ڈائرکٹر محمد انور نے کہا کہ طلبا و طالبات وسائل کے فقدان کے باوجود نیک ارادے اور بلند حوصلوں سے عمدہ اور معیاری تعلیم حاصل کرسکتے ہیں اور زندگی میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں سنجیدہ اور ایماندارانہ کوشش کرنی ہوگی۔ تاجروں کو بھی تجارت میں اخلاقیات، طور طریقے اور حسن کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ ان کی تجارت بھی فروغ پاسکے۔ مولانا شکیل ہاشمی نے کہا کہ سند یافتہ ہونا ہی کافی نہیں ہے بلکہ صحیح معلومات بھی ہونی چاہیے۔ مذہبی رواداری اور شرعی دائرے میں رہ کر ہمیں اپنے بچوں کے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے عصری تعلیم مستعدی کے ساتھ دینی چاہیے۔ کتابی تعلیم کے ساتھ ساتھ تکنیکی تعلیم یعنی کمپیوٹر و انٹرنیٹ کی تعلیم بھی آج کی بہت بڑی ضرورت ہے۔

