شبھمن گل کے حوالے سے بی سی سی آئی کابڑا اپڈیٹ ، افغانستان کے خلاف بھی میچ نہیں کھیلیں گے

تاثیر،۹  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن

چنئی ، 09اکتوبر:ٹیم انڈیا کے نوجوان اوپنر شبھمن گل کو آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ 2023 میں ڈیبیو کرنے کا موقع نہیں ملا۔ نوجوان بلے باز ڈینگی میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے وہ میچ نہیں کھیل سکے۔ چنئی پہنچتے ہی گل کو تیز بخار ہوا اور اس کے بعد انہیں ڈینگو ہونے کی تصدیق ہوئی۔ اب بی سی سی آئی نے ان کے حوالے سے ایک اہم اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شبھمن گل افغانستان کے خلاف اگلے میچ سے باہر ہوگئے ہیں اور وہ چنئی میں ہی رہیں گے۔
ہندوستان کو اپنا اگلا میچ 11 اکتوبر کو دہلی میں افغانستان کے خلاف کھیلنا ہے۔ ایسے میں شائقین کے ذہنوں میں سوال تھا کہ وہ اس میچ میں کھیلیں گے یا نہیں لیکن اب بی سی سی آئی نے صورتحال کو پوری طرح واضح کر دیا ہے اور وہ باہر ہو گئے ہیں۔
بی سی سی آئی نے ایک پریس بیان کے ذریعے پیر کو گل کے بارے میں میڈیکل اپ ڈیٹ دیا اور کہا، ٹیم انڈیا کے بلے باز شبھمن گل 9 اکتوبر 2023 کو ٹیم کے ساتھ دہلی نہیں جائیں گے۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف چنئی میں ٹیم کے پہلے میچ سے باہر ہونے والے اوپننگ بلے باز 11 اکتوبر کو دہلی میں افغانستان کے خلاف ٹیم کے اگلے میچ سے بھی باہر ہیں۔ وہ چنئی میں ہی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں رہیں گے۔
اس سے قبل شبھمن گل آسٹریلیا کے خلاف میچ سے باہر ہوگئے تھے اور ٹیم کے ساتھ چیپاک اسٹیڈیم بھی نہیں آئے تھے۔ انڈین پلیئنگ الیون میں ان کی جگہ ایشان کشن کو موقع ملا جو گولڈن ڈک پر آوٹ ہوئے۔ تاہم گِل کے اگلے میچ سے بھی باہر ہونے کی صورت میں کشن کو ایک اور موقع ملنے کی امید ہے۔