تاثیر،۴ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن
سر سید ایجو کیشنل سو سائٹی، میرٹھ کی تشکیل نو
نئی کمیٹی میں نایاب زہرا زیدی، پروفیسر اسلم جمشید پوری سر پرست،ڈاکٹر ہاشم رضا زیدی صدر اور ڈاکٹر شاداب علیم جنرل سیکریٹری منتخب
4؍ اکتوبر2023ء
آج یہاں شعبۂ اردو، چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ کے پریم چند سیمینار ہال میں شعبۂ اردو اور سر سید ایجو کیشنل سو سائٹی، میرٹھ کے مشترکہ اہتمام میں نایاب زہرا زیدی کی سرپرستی اور صدر شعبۂ اردو پروفیسر اسلم جمشید پوری کی صدارت میں جشن سر سید تقریبات کے سلسلے میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں محسن قوم، عظیم تعلیمی رہنما سر سید احمد خاں کی یوم پیدا ئش کے مو قع پر جشن سر سید پروگرام کے تعلق سے تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ سر سید ایجو کیشنل سو سائٹی، میرٹھ کی تشکیل نو بھی عمل میں آئی۔
اب نئی کمیٹی میں سر پرست کے بطور نایاب زہرا زیدی اور پروفیسر اسلم جمشید پوری اپنے فرائض انجام دیں گے جب کہ صدر کے بطور معروف سماجی کار کن ڈاکٹر ہاشم رضا زیدی کا نام طے ہو ا ہے اور نائب صدور میں پروفیسر جمال احمد صدیقی، ڈا کٹر پرویز عالم، آفاق احمد خاں،ذیشان خان،سید معراج الدین اور بھا رت بھوش شرما کے نام شامل ہیں۔ سوسائٹی کی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شاداب علیم،سیکریٹریز میں ڈاکٹر آصف علی، عمران صدیقی ، خازن ڈاکٹر الکا وششٹھ اور سیدہ مریم الٰہی جب کہ نشر و اشاعت کے لیے ڈاکٹر ارشاد سیانوی اور سعید احمد سہارنپوری کا نام تجویز کیا گیا ہے۔
واضح ہو کہ شعبۂ اردو ، چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ اور سر سید ایجو کیشنل سوسائٹی، میرٹھ ہر سال’’ جشنِ سر سید ‘‘ کا اہتمام کرتا ہے جس کا مقصد سر سید کے پیغام اور کارناموں کو عوام خصوصاً طالب علموں تک پہنچاناہے۔ اس سلسلے میں ہر سال سر سید لیکچر سیریز ، سرسید کوئز ، تقریری اور تحریری مقابلے، سیمینار اور مشاعرے کا اہتمام ہوتا ہے اور مختلف شہروں مثلاً بلند شہر، مظفر نگر، کھتو لی، سہا رنپور، دیو بند وغیرہ میں مختلف پرو گراموں کا اہتما م کیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی ہر سال صحافت، تعلیم، سماجی و ادبی خدمات کے اعتراف میں کار ہائے نمایاں انجام دینے والے اداروں اور شخصیات کو سرسید نیشنل اور انٹر نیشنل ایوارڈ سے بھی سر فراز کیا جاتا ہے۔