ضلع کلکٹر نے محکمہ سماجی بہبود اور چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے کاموں کا لیا جائزہ

تاثیر،۵  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن

سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) آج موخہ 5 اکتوبر 2023 کو محکمہ سماجی بہبود کی ایک جائزہ میٹنگ ضلع کلکٹر روہتاس نوین کمار کی صدارت میں منعقد ہوئی جسمیں اسسٹنٹ ڈائریکٹر دیویانگجن نے بتایا کہ ٹرائی سائیکل کے لئے 1056 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جنمیں بلاک سے 123 درخواست تصدیق ہوکر موصول ہوئی، ضلع کلکٹر نے تین دن کے اندر تصدیق کو یقینی بنانے کی ہدایت دی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ٹرائی سائیکل کے لئے ہر ماہ تقریباً 60 درخواستیں موصول ہوتی ہیں جس پر ضلع کلکٹر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بینر، پوسٹر، پمفلٹ کے ذریعہ تشہیر کرنے اور ہر بلاک میں ہورڈنگ اور تشہیری اشیاء لگانے کی ہدایات دیں ۔
سماجی تحفظ کے جائزے میں پتہ چلا کہ ضلع میں تین فاؤنڈیشن مراکز کام کر رہے ہیں جہاں سے بزرگوں، معذوروں اور بیواؤں کو صحت سے متعلق مفت سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ۔ ضلع کلکٹر نے ہدایت کی کہ تمام بنیادی مراکز کو بروقت کھولنے کو یقینی بنایا جائے پنچایت سکریٹری، وکاس متر، آشا ورکرس کے ذریعہ UDID کارڈ بنانے میں بیداری پیدا کریں تاکہ تمام معذوروں کے لئے UDID کارڈ بنائے جا سکیں ۔
آج ہی ضلع چائلڈ پروٹیکشن یونٹ روہتاس کی ایک جائزہ میٹنگ بھی ضلع کلکٹر روہتاس کے ہی آفس روم میں ہوئی، جائزہ کے دوران آبزرویشن ہوم اور چلڈرن ہوم کے مکینوں کا جائزہ لیا گیا ۔ محکمہ کے افسر کی جانب سے بتایا گیا کہ اس وقت آبزرویشن ہوم میں 37 بچے اور چلڈرن ہوم میں 21 بچے رہائش پذیر ہیں، روہتاس اور کیمور کے بچوں کو آبزرویشن ہوم میں رکھا گیا ہے جبکہ روہتاس، کیمور اور اورنگ آباد کے بچوں کو چلڈرن ہوم میں رکھا گیا ہے ۔ ضلع کلکٹر نے آبزرویشن ہوم کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے، بچوں کی تعلیم اور ہنر مندی کی سرگرمیوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ پرورش یوجنا کے تحت بچوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایات دیں ۔
مستحقین کی مناسب دیکھ بھال اور تعلیم کا خیال رکھنے کے ساتھ باقاعدہ معائنہ کرنے کی بھی ہدایت دی ۔