تاثیر،۸ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن
نئی دہلی ،08اکتوبر: جنوبی افریقہ کے مڈل آرڈر بلے باز ایڈن مارکرم نے ہفتہ کو ورلڈ کپ 2023 میں سری لنکا کے خلاف تاریخی اننگز کھیلی۔ مارکرم نے صرف 49 گیندوں میں سنچری اسکور کی جو ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری تھی۔ انہوں نے آئرلینڈ کے کیون اوبرائن کا ریکارڈ توڑ دیا۔ایڈن مارکرم انہوں نے گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور ریکارڈ اننگز کھیلی۔ مارکرم اننگز کے 31ویں اوور میں کریز پر آئے اور سری لنکن باؤلرز کی دھنائی کرتے ہوئے 54 گیندوں میں 14 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کوئنٹن ڈی کاک ( 100)، راسی وین ڈیر ڈوسن ( 108) اور مارکرم کی سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 428 رنز بنائے۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا سکور ہے۔ ورلڈ کپ میں یہ پہلا موقع تھا جب ایک ہی ٹیم کے تین بلے بازوں نے سنچریاں بنائیں۔میچ کے بعد مارکم نے کہاکہ یہ ایک شاندار احساس ہے۔ میں نہیں جانتا کہ ایک بلے باز کے طور پر مجھ سے کیا توقع کی جاتی ہے۔ پچھلے 12 مہینوں میں، ہم نے ایک ساتھ کھیلا اور مثبت پہلو کو اپنے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ شروع میں آپ وکٹ کو سمجھتے ہیں اور پھر رنز بنانے کے آپشنز تلاش کرتے ہیں۔ آپ نتیجہ کے بارے میں نہیں سوچتے اور صرف یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیسے کیا جائے۔
ایڈن مارکرم نے کوئنٹن ڈی کاک اور رسی وین ڈیر ڈوسن کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی شراکت نے ان کے لیے ایک منزل طے کی ہے۔ یاد رہے کہ کاک اور ڈوسین نے 204 رنز کی شراکت داری کی تھی۔ آخر میں مارکرم کے ساتھ ڈیوڈ ملر اور ہینرک کلاسن نے بھی تیز رنز بنائے۔جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 102 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ اس کے نیٹ رن ریٹ میں کافی بہتری آئی ہے۔ اب پروٹیز ٹیم 12 اکتوبر کو لکھنؤ میں آسٹریلیا سے ٹکرائے گی۔ جنوبی افریقہ اپنی بہترین کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلیا کو شکست دینے کی کوشش کرے گا۔

