تاثیر،۵ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن
لکھنؤ، 05 اکتوبر: سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ پارٹی کے کارکنان سماج وادی خیالات اور پروگراموں کے ساتھ گاؤں گاؤں، گھر گھر جائیں گے اور بی جے پی کو شکست دینے کا عہد لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی اور بے روزگاری کا شکار ہیں۔ عوام تبدیلی چاہتیہیں۔ انڈیا اتحاد اس بار پی ڈی اے کی مدد سے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو شکست دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے 100 کروڑ لوگ بی جے پی کے خلاف ہیں۔ بی جے پی خوفزدہ ہے۔ بی جے پی حکومت اپوزیشن لیڈروں کو فرضی کیسوں میں پھنسا رہی ہے۔ بی جے پی جس سے بھی ڈرتی ہے اسے جھوٹے کیس میں پھنسا کر گرفتار کرتی ہے۔ ای ڈی، سی بی آئی، انکم ٹیکس اور دیگر سرکاری ایجنسیاں بی جے پی کی تنظیم کا حصہ ہیں۔ پہلے صحافیوں کے گھروں پر چھاپے، پھر عام آدمی پارٹی کے رکن راجیہ سبھا سنجے سنگھ کے گھر پر چھاپے اور گرفتاری۔ یہ سب بی جے پی کے اشارے پر ہو رہا ہے۔ایس پی صدر پرتاپ گڑھ میں سماج وادی ٹریننگ کیمپ میں حصہ لینے آئے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دیوریا میں ہوئے واقعہ کے لئے بی جے پی حکومت اور انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ اگر انتظامیہ اور حکومت نے بروقت کارروائی کی ہوتی تو دیوریا میں 6 لوگوں کے قتل کی واردات نہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کے بجائے بی جے پی اس واقعہ سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ سب سے زیادہ جرائم بی جے پی کے دور حکومت میں ہو رہے ہیں جو امن و امان کے معاملے میں زیرو ٹالرنس کی بات کرتی ہے۔ قتل، ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ بی جے پی حکومت میں کسی کو انصاف نہیں مل سکتا۔اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت دیوریا واقعہ کے لئے اوپر سے نیچے تک تمام ذمہ دار افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کر رہی ہے؟ حکومت اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائے اور تمام ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرکے انہیں برطرف کرے۔

