لالو اورنتیش بہارکواسلامی ریاست بنانا چاہتے ہیں: گری راج سنگھ

تاثیر،۲۸  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

بیگوسرائے ، 28 اکتوبر: بہار میں نویں جماعت کے سنسکرت مضمون کے امتحان میں مذہب اسلام سے متعلق دس سوالات پوچھے جانے کو لے کر سیاست گرم ہو گئی ہے۔ مقامی رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کہا ہے کہ لالو اور نتیش بہار کو اسلامی ریاست بنانا چاہتے ہیں اور سنسکرت کو اسلامی بنانا چاہتے ہیں۔گری راج سنگھ نے ہفتہ کے روز کہا کہ اگر ہم سب وقت پر نہیں بیدار ہوئے تو وہ دن دور نہیں جب سب کو نماز پڑھنے جانا پڑے گا۔ بہار میں سنسکرت کے امتحان میں اسلام سے متعلق سوال پوچھا گیا ، چونکا دینے والا ہے۔ ایک سوالیہ پرچہ میں اسلام سے متعلق دس سوالات پوچھے گئے ہیں۔ سنسکرت بورڈ کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ یہ نصاب میں ہے ، سنسکرت کے نصاب میں اسلام کیسے آیا؟
انہوں نے کہا کہ حکومت بہارسناتن کلچر کو اسلامائز کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ آنے والے دنوں میں اس کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔ اگر اعلیٰ اورپسماندہ متحد ہو کر احتجاج نہ کریں تو آنے والے دنوں میں ہر شخص کو نماز پڑھنے جانا پڑے گا۔ نماز پڑھنا چاہتے ہیں تو نتیش کمار جاکر پڑھ لیں ، ہم لوگوں کے او پر اس طرح حملہ نہ کریں۔ گری راج سنگھ نے کہا کہ نتیش کمار کی حکومت سنسکرت کو اسلامائز کر رہی ہے۔ ہم لوگ گاؤں گاؤں جا کر سنسکرت کے اسلامائزیشن کی مخالفت کریں گے۔ لوگ ہمارے بارے میں کہتے ہیں کہ وہ ہندوؤں اور مسلمانوں کی بات کرتے ہیں۔ لیکن گری راج ہندو مسلم نہیں کرتا۔ اگر ہندو مذہب اور سناتن دھرم پر حملہ ہوتا ہے تو گری راج اس وقت تک حملہ کرتا رہے گا جب تک کہ ان کے جسم میں خون کا ایک قطرہ باقی ہے۔
گری راج سنگھ نے کہا کہ نتیش کمار اور لالو پرساد کو یہ بات غور سے سننی چاہیے کہ درگا مورتی کے وسرجن کا معاملہ ہو یا شیولنگ توڑنے کا ، ایسا لگتا ہے کہ ہم اسلامک اسٹیٹ میں رہ رہے ہیں۔ یہ ہندوؤں کا ہندوستان ہے پاکستان اور بنگلہ دیش کا نہیں کہ کوئی ہمارے مذہب اور مذہبی اداروں پر حملہ کرے اور ہم خاموش رہیں۔