تاثیر،۸ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن
نئی دہلی، 8 اکتوبر: دہلی کے لال قلعہ میں وزارت ثقافت کے زیراہتمام 9 سے 15 دسمبر تک انڈیا آرٹ، آرکیٹیکچر اینڈ ڈیزائن نمائش بینالے- 2023 کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ نمائش ہر روز ایک مختلف تھیم پر مبنی ہوگی۔ اس میں تاریخی آرائشی دروازے، قدیم عظیم الشان مندر، تاریخی باوڑی، بھرپور ٹیکسٹائل ڈیزائن، ہندوستان کے فن تعمیر میں خواتین کا کردار، آزاد ہندوستان کا جدید فن، اور فنکارانہ باغیچے کا فن تعمیر شامل ہے۔
لال قلعہ کی اس تقریب کو پانچ ریاستوں میں بھی لے جایا جائے گا اور ہر دو سال بعد منعقد کیا جائے گا۔ پہلے انڈیا آرٹ، آرکیٹیکچر اینڈ ڈیزائن بینالے (آئی اے اے ڈی بی) میں سات ’’خصوصی طور پر تیار کردہ‘‘ موضوعاتی نمائشیں شامل ہوں گی جس میں 400 سال سے زیادہ پرانے فن تعمیر کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔ نیشنل میوزیم آف ماڈرن آرٹ میں منعقدہ انڈیا آرٹ، آرکیٹیکچر اور ڈیزائن نمائش کے لوگو کی ہفتہ کی شام کو نقاب کشائی کی گئی۔
اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے ثقافت میناکشی لیکھی نے کہا کہ اس بین الاقوامی نمائش سے دنیا بھر کے فن اور روایات کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے فن اور روایات کو جاننے اور سمجھنے کا موقع ملے گا۔ اس بینالے کے توسط سے فن تعمیر کے شعبے میں خواتین کے کردار کو بھی سمجھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فن اور ثقافت دنیا کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں۔ 19ویں-20ویں صدی تک ہندوستان سے سامان مشرق وسطیٰ جاتا تھا۔ ہندوستان اپنے فن پاروں کے لیے مشہور تھا۔ اس علاقے میں بڑی تجارت ہوتی تھی۔ خواتین آرکیٹیکٹس کے ساتھ ساتھ ملک اور دنیا بھر کے نئے آرکیٹیکٹس کو بھی اس پلیٹ فارم سے پہچان ملے گی۔ لال قلعہ میں برطانوی دور کی بیرکوں میں منعقد ہونے والی اس نمائش میں ہندوستان اور بیرون ملک سے آرکیٹیکٹس، مورخین اور ماہرین شرکت کریں گے۔

