مدرسہ بورڈ کے چیئرمین سلیم پرویز نے سیمانچل کا دورہ کر مدارس کا لیا جائزہ

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN -02 OCT

پورنیہ میں مدرسہ بورڈ کے زونل دفتر میں پہنچے، کہا-بورڈ کے ضابطہ میں ترمیم کی ضرورت

پٹنہ، یکم اکتوبر۔ بہار اسٹیٹ مدرسہ بورڈ کے چیئرمین سلیم پرویز نے گذشتہ دودنوں میں سیمانچل سمیت دیگر اضلاع کا دورہ کر مدارس کا اچانک معائنہ کیا اور کام کاج کا بہ نفس نفیس جائزہ لیا۔ اس دوران وہ پورنیہ واقع مدرسہ بورڈ کے زونل دفتر بھی پہنچے اور عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کر بورڈ کے کام کاج میں بہتری اور شفافیت پر زور دیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ مدرسہ بورڈ کے ضابطہ میں ترمیم کی ضرورت ہے اور وہ اس کے لئے کوشاں ہیں۔ ریاست کے چیف سکریٹری عامر سبحانی کے علیل ہوجانے کی وجہ کر اس میں تاخیر ہوئی ہے تاہم ان کے صحت یاب ہونے کے بعد اس پر کام ہوگا۔
انہوں نے اس دوران ارریہ، پورنیہ، سپول، دربھنگہ اور مظفرپور کے مدارس کا بھی اچانک دورہ کر جائزہ لیا۔ ان مقامات پر انہوں نے ہیڈ مدرس اور مدرس کے ساتھ میٹنگ کر درس و تدریس میں بہتری کی ہدایت دی اور انہوں نے واضح کیا کہ مدارس کی کمیٹیوں میں شفافیت لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی قیمت پر بدعنوانی برداشت نہیں کریں گے اور بورڈ کے تمام کام ضابطہ کے مطابق ہوں گے۔ سپول میں منعقد ایک تقریب میں آل بہار مدرسہ ٹیچرس ایسوسی ایشن کی ضلع شاخ کی جانب سے سلیم پرویز صاحب کو استقبالیہ بھی دیا گیا۔
جناب سلیم پرویز کل حاجی پور کے مدارس کا دورہ کریں گے اور کام کاج کا جائزہ لیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ جناب سلیم پرویز عہدہ سنبھالنے کے بعد ایکٹیو موڈ میں ہیں اس کے تحت انہوں نے گذشتہ مہینے دربھنگہ، سارن اور سیوان کے مدارس کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران انہیں کئی مدارس میں خامیاں دیکھیں اور واضح کہا کہ فرضی طور پر چل رہے مدارس کے خلاف وہ سخت کارروائی کریں گے۔ تنخواہ روکنے کے ساتھ ساتھ کاغذ پر چل رہے مدارس کا الحاق بھی ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ بورڈ پوری طرح سے بدعنوانی سے پاک ہوگا اور ضابطے کے مطابق ہی تمام کام ہوں گے۔