مغربی افغانستان میں زلزلے سے تباہی، اب تک 2000 سے زائد افراد ہلاک

تاثیر،۸  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن

کابل، 8 اکتوبر: مغربی افغانستان میں 24 گھنٹہ قبل ہفتہ کو آئے زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ ہرات صوبہ زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اب تک 2000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں یہ معلومات شیئر کی گئی ہیں۔ ملک کی نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں طالبان کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ افغانستان کے مغرب میں ایک طاقتور زلزلے میں تقریباً 2000 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سب سے زیادہ تباہی ایران کی سرحد کے قریب ہوئی ہے۔ لوگ اب بھی ملبے کے ڈھیر میں پھنسے ہوئے ہیں۔
افغانستان کے نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق ہفتے کی دوپہر سب سے پہلے 12:11 بجے ریکٹر اسکیل پر 6.1 کی شدت کا زلزلہ آیا۔ اس کے بعد 12:19 پر 5.6 شدت کا زلزلہ آیا اور 12.42 پر تیسرا زلزلہ آیا۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ہرات سے 40 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔ دوپہر 11 بجے سے 1 بجے کے درمیان 4.6 سے 6.3 شدت کے کل پانچ جھٹکے آئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہزاروں افراد کو مختلف اسپتالوں میں بھیجا گیا ہے۔ دور دراز علاقوں سے ہونے والے نقصان کے بارے میں ابھی تک مکمل معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ اس دوران ہزاروں مکانات کے زمین بوس ہونے کا خدشہ ہے۔