تاثیر،۲۹ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضا امام) 29 اکتوبر:-دربھنگہ کے مانو ٹیچرس ٹریننگ کالج چندن پٹی کے احاطے میں دربھنگہ ضلع کے ملحقہ مدارس اساتذہ کی ایک اہم نشست مدرسہ بورڈ کے چیئرمین سلیم پرویز کی صدارت میں منعقد ہوئی۔جس میں ضلع بھر کے ملحقہ مدارس اساتذہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
پروگرام کا باضابطہ آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا۔اس کے بعد شال ٹوپی سے موجود مہمان کا استقبال کیا گیا ۔اس موقع پر سابق وزیر مملکت محمد علی اشرف فاطمی نے موجود اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درس و تدریس ایک معزز پیشہ ہے اساتذہ کو چاہیئے کہ ایمانداری کے ساتھ بچوں کو پڑھانے کا کام کریں کیونکہ یہ جو بچیں مدرسہ میں تعلیم حاصل کرتے ہیں وہ قوم کے عظیم نونہال ہیں اس لئے اساتذہ کو چاہیئے کہ قوم کے نونہال کے ساتھ کھیلوار نہیں کریں ۔مدرسہ بورڈ کے چیئرمین سلیم پرویز نے کہا کہ اساتذہ کے جو جائز مطالبات ہیں اس کو ضرور پورے کیے جائیں گے ۔
ابھی حال ہی میں مدرسہ بورڈ کے ممبران نے ایک اہم فیصلہ لیا ہے کہ انوکمپا پر جلد ہی بحالی کی جائے گی اور جہاں جہاں سیٹیں خالی ہیں فوری طور پر وہاں اساتذہ کی تقرری کی جائے گی تاکہ درس و تدریس بند نہ رہے ۔وہیں موقع پر مدرسہ دارالسلام دیورابندھولی کے سکریٹری پروفیسر خادم حسین فیضی نے مختلف مطالبات کی حمایت میں چیئرمین موصوف کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ پچھلے دس ماہ سے 609 مدارس اساتذہ تنخواہ سے محروم ہیں دربھنگہ ضلع کے بہت سارے مدارس کی ڈی ای او کے ذریعہ انکوائری ہو کر محکمہ کو بھیجی جا چکی ہے چیئرمین موصوف کو چاہیئے کہ جلد از جلد ان مدارس اساتذہ کی تنخواہ جاری کرانے میں دلچسپی دیکھائے ۔آل بہار مدرسہ ٹیچرس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری مولانا شہاب الدین رحمانی نے بھی ملحقہ مدارس اساتذہ کے مطالبات کو سنجیدگی کے ساتھ پیش کیا اور چیئرمین سلیم پرویز صاحب سے مطالبہ کیا کہ مدارس اساتذہ کو اسکول کے اساتذہ کے برابر تمام مراعات دی جائیں کیونکہ نوٹیفکیشن میں اس بات کی وضاحت ہیکہ اسکول کے نیوجت شکچھک کے مساوی مدرسہ کے اساتذہ کو ساری سہولت دی جائے لیکن مدارس اساتذہ کے ساتھ سوتیلہ رویہ اپنایا جا رہا ہے جو کہ سراسر نا انصافی ہے۔
مانو ٹیچرس ٹریننگ کالج کے پرنسپل پروفیسر فیض احمد نے کہا کہ مدارس میں تعلیمی نظام بہتر ہو اس کے لئے تعلیم نوبالغان کی ٹیم کارگر ثابت ہو رہی ہے ۔اس نشست کو کامیاب بنانے میں مدرسہ نیوجت شکچھک سنگھ کے فعال کارکن ماسٹر عمران عالم بدربنہ،ضلع پارشد جلال الدین ،معاون ضلع پارشد محمد ذوالقرنین،مولانا ریاض حسین سلفی صدر مدرس مدرسہ دارالسلام دیورابندھولی پیش پیش تھے۔نشست کی نظامت ٹیچرس ٹریننگ کالج کے استاد ڈاکٹر افروز عالم نے کی۔

