مہاراشٹرا میں مسافر ٹرین کے 5 ڈبوں میں آگ لگ گئی، کوئی جانی نقصان نہیں

تاثیر،۱۶  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 16 اکتوبر:حمد نگر ضلع میں واقع شیراڈوہ علاقے میں پیر کی دوپہر احمد نگر-آشٹی مسافر ٹرین کے 5 ڈبوں میں آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ فائر بریگیڈ اور ریلوے کی ٹیم نے آگ پر قابو پا لیا ہے اور موقع پر کولنگ کا کام جاری ہے۔
معلومات کے مطابق پیر کوآشٹی سے احمد نگر آرہی مسافر ٹرین کے دو ڈبوں میں اچانک آگ لگ گئی۔ ٹرین کے کوچ میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ڈرائیور نے فوری طور پر ٹرین روک دی۔ آگ لگنے کی وجہ سے ٹرین میں سوار مسافر فوری طور پر ٹرین سے اتر گئے۔ اس کے بعد ریلوے عملہ اور مقامی گاؤں والوں نے بھی ٹرین میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مدد کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ واقعے میں ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی کوئی خبر نہیں ہے۔ آگ لگنے کی واضح وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔ستمبر کے مہینے میں ہی احمد نگر-آشٹی کے درمیان ٹرین سروس شروع کی گئی ہے۔