میہر میں قومی شاہراہ 39 پر سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرائی کار، تین افراد ہلاک

تاثیر،۲۶  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

ستنا، 26 اکتوبر: میہر کے نادن دیہات تھانہ علاقے میں برہیا کے نزدیک قومی شاہراہ 39 پر بدھ کی دیر رات ایک خوفناک سڑک حادثے میں تین لوگوں کی موت ہو گئی۔ یہاں ایک تیز رفتار کار سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں سوار تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔حادثے کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے تھانہ انچارج سنجے دوبے نے بتایا کہ کار نمبر ایم پی 20 سی جے 9930 میں سوار تین لوگ ریوا سے جبل پور کی طرف لوٹ رہے تھے۔ اس دوران رات تقریباً 10.45 بجے بیلا- کٹنی شاہراہ پر نادن دیہات تھانہ علاقے کے برہیا کے قریب ایک تیز رفتار کار سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک نمبر یو پی 63 اے ٹی 4316 سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ گاڑی کے پرخچے اڑ گئے۔ اس خوفناک سڑک حادثے میں کار میں سوار تین افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ایمبولینس کے ساتھ موقع پر پہنچی اور کار میں پھنسے افراد کو نکال کر سول اسپتال میہر پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے تفتیش کے بعد تینوں کو مردہ قرار دے دیا۔ تینوں مرنے والے جبل پور کے رہنے والے ہیں۔ مرنے والوں کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ گاڑی جبل پور کے کپل چورسیا کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔