نتیش کمار نے خود کو کہا’’فالتو وزیر اعلیٰ‘‘

تاثیر،۱۲  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 12 اکتوبر: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اکثر اپوزیشن کے نشانے پر رہتے ہیں۔ اس بار اپوزیشن نے ان کی ایک میٹنگ کے ویڈیو کلپ کی مدد سے وزیر اعلیٰ کو نشانہ بنایا ہے۔ پنچایتی راج محکمہ کے پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار خود کو ‘فالتووزیر اعلی ‘ کہہ کر ہنس رہے ہیں۔ نتیش کمار کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں نتیش کمار پر طنز کس رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار ا?ج جمعرات 12 اکتوبر کو پنچایتی راج محکمہ کی جائزہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ بہار میں پنچایت گورنمنٹ بلڈنگ کی تعمیر سب سے پہلے ہوئی ہے اور اس کے لئے ورلڈ بینک نے بہار حکومت کو فنڈ دیا ہے۔ جب وہ محکمہ پنچایتی راج کی طرف سے کئے گئے کام کے بارے میں بتا رہے تھے تو انہوں نے اپنے خطاب میں انہیں چیف سکریٹری کے بجائے وزیر اعلیٰ کہہ دیا۔اس کے بعد وہاں موجود دیگر لوگوں نے وزیر اعلیٰ کی توجہ اس غلطی کی طرف مبذول کرائی۔ انہوں نے چیف سکریٹری کہہ کر اسے درست کیا۔ لیکن اس کے بعد نتیش کمار نے کہا کہ ’’ وزیر اعلیٰ تو ہم ہی ہیں۔ فالتو ‘‘اور ہنسنے لگے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خطاب کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ اب اپوزیشن جماعتوں نے بھی وزیر اعلیٰ کے خطاب کے حوالے سے طرح طرح کے بیانات دینا شروع کر دیے ہیں۔اس سے پہلے بھی نتیش کمار کے خطاب میں کئی بارزبانیں پھسل چکی ہیں اور اس کے حوالے سے بھی بھارتیہ جنتا پارٹی نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو یادداشت سے محروم وزیر اعلیٰ کہا تھا۔ اس بار وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنے خطاب کے دوران جس طرح سے خود کو فالتو وزیر اعلیٰ بتایا ہے، اس سے بہار میں سیاسی بیان بازی تیز ہو گئی ہے۔