تاثیر،۱۸ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
کاٹھمنڈو 18 اکتوبر: حکومت ہند کے ذریعہ چلائے جارہے آپریشن اجے کے تحت نیپال کی حکومت نے ہندوستانیوں کے ساتھ ساتھ نیپال کے شہریوں کو جنگ زدہ علاقے سے بحفاظت واپس لانے پر ہندوستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔نیپال کے وزیر خارجہ این پی سعود نے بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کو مخاطب کرتے ہوئے آپریشن اجے کے تحت نیپالی شہریوں کی بحفاظت واپسی پر شکریہ ادا کیا ہے۔ نیپال کے وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ پر بھارتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ہے، جس میں انہوں نے نیپالی شہریوں کو اسرائیل سے دہلی لانے کی معلومات دی تھیں۔
نیپال کے وزیر خارجہ نے ٹویٹر پر لکھا کہ پوری نیپالی عوام اور حکومت نیپال بحران کی اس گھڑی میں نیپالی شہریوں کی بحفاظت واپسی پر اظہار تشکر کرتی ہے۔
اس سے قبل ہندوستان کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بتایا تھا کہ آپریشن اجے کے تحت اسرائیل سے ہندوستانی شہریوں کے ساتھ 18 نیپالی شہریوں کو بحفاظت دہلی لایا گیا ہے۔ دہلی میں نیپال کے سفیر ڈاکٹر شنکر شرما نے حکومت نیپال کی جانب سے ہندوستان کی وزارت خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دہلی سے واپس لائے گئے نیپالی شہریوں کو نیپال پہنچانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

