ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر انگلینڈ نے درج کی پہلی جیت، 137 رنوں سے دی مات

تاثیر،۱۰  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

دھرم شالہ ، 10اکتوبر:ون ڈے ورلڈ کپ کے ساتویں میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 137 رنوں سے شکست دے دی۔ ورلڈ کپ کے موجودہ ایڈیشن میں یہ ان کی پہلی جیت ہے۔ انگلینڈ کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کو پہلی شکست ملی ہے۔ اس نے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو شکست دی تھی۔
اس میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے دو-دو پوائنٹس ہو گئے ہیں ۔ انگلینڈ اب پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں نمبر پرپہنچ گئی ۔ اس کے ساتھ ہی بڑی شکست کے باعث بنگلہ دیش کی ٹیم چھٹے نمبر پر چلی گئی ہے۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا جو پوری طرح سے غلط ثابت ہوا۔انگلینڈ کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ ملان نے 107گیندوں پر پانچ چھکوں اور 16چوکوں کی مدد سے شاندار 140رن بنائے۔ انہوں نے پہلے جانی بیرسٹو کے ساتھ سنچری پارٹنرشپ کی ۔ بیرسٹو نے 59گیند میں 52رن بنائے۔ اس کے بعد ملان نے جو روٹ کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 151رنوں کی شراکت داری کی۔ جوروٹ نے 68گیند پر 82رن بنائے۔انگلینڈ نے 50 اوورز میں نو وکٹوں پر 364 رن بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن نے سب سے زیادہ چار، شریف الاسلام نے تین اور تسکین احمد اورشکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کئے۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 48.2 اوورز میں 227 رنوں پر آل آوٹ ہوگئی۔
انگلینڈ نے اس میچ میں ایک بڑی تبدیلی کرتے ہوئے لیفٹ آرم فاسٹ بولر ریس ٹوپلے کو ٹیم میں شامل کیا۔ انہیں معین علی کی جگہ کھلایا گیا۔انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا۔ ٹوپلے نے شاندار بولنگ کی اور چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ابتدائی اوورز میں انگلینڈ کو کامیابی دلائی۔ اس کا فائدہ ٹیم کو ہوا اور انگلینڈ نے 137 رنوں سے بڑی فتح حاصل کی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنر لٹن داس نے سب سے زیادہ 76رن بنائے ۔ ان کے علاوہ مشفق الرحیم نے ہاف سنچری (51رن)اسکور کی۔ توحید ہردے نے بھی 39رن کی جدوجہد بھری اننگ کھلی۔ انگلینڈ کی جانب سے ریس کے چار وکٹوں کے علاوہ کر ووکس نے دو، سیم کرن، مارک ووڈ ، عادل رشید اور لیام لیونگ اسٹون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔