وزیراعظم نے گلوبل میری ٹائم انڈیا سمٹ 2023 کا افتتاح کیا

تاثیر،۱۷  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 17 اکتوبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے گلوبل میری ٹائم انڈیا سمٹ (جی ایم آئی ایس) 2023 کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح کیا۔ اس کے ساتھ ہی ممبئی کے ایم ایم آر ڈی اے گراونڈ میں تین روزہ سمٹ کا آغاز ہوا۔
اس دوران وزیر اعظم نے بحر ہند کی نیلی معیشت کے لیے طویل مدتی روڈ میپ ’’امرت کال وژن 2047‘‘ کی نقاب کشائی کی۔ یہ روڈ میپ بندرگاہ کی سہولیات کو بڑھانے، پائیدار طریقوں کو فروغ دینے اور بین الاقوامی تعاون کو آسان بنانے کے مقصد سے تزویراتی اقدامات کا خاکہ پیش کرتا ہے۔ اس جدید ترین اسکیم کے مطابق وزیر اعظم نے 23,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا، قوم کو وقف کیا اورسنگ بنیاد رکھا۔
وزیر اعظم نے گجرات میں دین دیال پورٹ اتھارٹی میں 4,500 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے ٹونا ٹیکرا آل ویدر ڈیپ ڈرافٹ ٹرمینل کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس تقریب کے دوران وزیر اعظم نے بحری شعبے میں عالمی اور قومی شراکت داری کے لیے 7 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے 300 سے زیادہ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یو) کو وقف کیا۔