تاثیر،۱۷ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 17 اکتوبر: وزیر اعلیٰ نتیش کمار منگل کے روز اپنی رہائش گاہ سے پیدل سکریٹریٹ پہنچے۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے مرکزی حکومت کے خواتین ریزرویشن بل پر ایک بار پھر ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ شروع سے ہی خواتین کے ریزرویشن کے حامی رہے ہیں۔ انہوں نے مرکز سے درخواست کی کہ ایس سی-ایس ٹی، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے اس میں خصوصی انتظام کیا جائے۔ اپنی کامیابیوں کو شمار کراتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہار نے پہلے ہی پنچایتوں اور اساتذہ کی تقرریوں میں خواتین کو 50 فیصد ریزرویشن دیا ہے۔اس سے قبل جب وزیراعلیٰ اپنی رہائش گاہ سے پیدل روانہ ہوئے تو سیکورٹی پر مامور لوگوں میں تجسس کا ماحول پیدا ہوگیا۔ راجدھانی پٹنہ میں گذشتہ رات تیز گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ ایسے میں کئی مقامات پر درخت گر گئے ہیں۔ اس طوفان میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ سے سکریٹریٹ جانے والے راستے میں کئی مقامات پر درخت گر گئے ہیں۔ صبح ہونے کے باوجود محکمہ جنگلات کی جانب سے ان درختوں کو سڑک سے نہیں ہٹایا گیا۔ ادھر جب بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار صبح سکریٹریٹ جانے لگے تو انہیں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
سکریٹریٹ جاتے ہوئے انہیں پیدل جانا پڑا کیونکہ سڑک کے بیچوں بیچ ایک بہت بڑا درخت گرا ہوا تھا۔ حالانکہ وزیر اعلیٰ کے حکم کے بعد محکمہ جنگلات کی ٹیم پہنچی اور سڑک سے درخت کو ہٹا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار ان دنوں بہار سکریٹریٹ پہنچ رہے ہیں۔ وہ تمام محکموں کے دفاتر کا دورہ کر کے ان کا معائنہ بھی کر رہے ہیں۔ افسران کی حاضری کا جائزہ بھی لے رہیں۔
وزیر اعلیٰ نتیش تقریباً 9.30 بجے سکریٹریٹ پہنچے۔ اس دوران کئی افسران اپنے دفاتر نہیں پہنچے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس پر ناراضگی ظاہر کی۔ ڈیوٹی سے غائب ہونے پر اہلکاروں کی کلاس لی۔ وزیراعلیٰ نے وزراء سمیت افسران کو وقت پر دفتر آنے کی ہدایت کی۔

