تاثیر،۱۳ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 13 اکتوبر:وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جمعہ کے روزتمام اضلاع کے لیے مہم کے رتھوں کو جھنڈی دکھا کر ربی مہاابھیان 2023 کا افتتاح کیا۔ اس مہم میں کسانوں کو ربی سیزن سے متعلق محکمہ زراعت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیموں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ فصلوں کی باقیات کے انتظام اورکھیتوں میں فصل کی باقیات کوجلانے سے مٹی اورماحولیات کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں بیداری پیدا کی جائے گی۔
کسانوں کو ربی کی فصلوں کے بارے میں تکنیکی معلومات، نامیاتی کاشتکاری کے فروغ ، موسمی زرعی پروگراموں اور فصلوں کے تنوع سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔ کسانوں کو چوتھے زرعی روڈ میپ کے مختلف جہتوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی جائیں گی۔ مہم کے رتھوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے ربی مہاابھیان سے متعلق ایک کتابچہ بھی جاری کیا۔ پروگرام کے دوران محکمہ زراعت کے سکریٹری سنجے کمار اگروال نے وزیر اعلیٰ کو سبز پودا پیش کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی پرساد یادو، وزیر زراعت کمار سروجیت، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری عامر سبحانی، محکمہ زراعت کے سکریٹری سنجے کمار اگروال، وزیر اعلیٰ کے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی گوپال سنگھ ، ڈائریکٹر محکمہ زراعت ا?لوک رنجن گھوش اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔