وزیر اعلیٰ نے 393 ہومیوپیتھک فارماسسٹوں کو تقرری نامہ جاری کیا

تاثیر،۱۰  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 10 اکتوبر: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو لوک بھون میں منعقدہ ایک پروگرام میں ریاست کے 393 ہومیوپیتھک فارماسسٹوں کو تقرری نامہ سونپے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آیوش سے وابستہ ڈاکٹروں کو چاہئے کہ وہ ہچکچاہٹ کو چھوڑ کر تحقیق اور ترقی کے کام کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا رویہ مریض اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ مناسب ہونا چاہیے۔ اسپتال میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں کے ساتھ ڈاکٹرز اور دیگر عملہ اچھا برتاؤ کرے۔یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ہم سب اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں لیکن ہمیں اپنے فرائض سے بھی آگاہ ہونے کی ضرورت ہے۔ اتر پردیش میں بھرتی کا عمل شفاف طریقے سے جاری ہے۔ چھ لاکھ لوگوں کو سرکاری نوکریاں دی گئیں۔ آج وہ نظام کا حصہ بن کر اپنا کردار اداکر رہے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں نوجوانوں کو کبھی نوکریاں نہیں ملیں۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ یوگا اور آیوروید قدیم زمانے سے ہندوستان کی روایت سے جڑے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے یوگا اور آیوروید کو عالمی سطح پر پہچان دلانے کے لیے کام کیا۔ دنیا کے 90 فیصد ممالک یوگا سے وابستہ ہیں۔ یوگا میں شامل ہونے کا مطلب ہے ہندوستان کی روایت میں شامل ہونا۔