ٹیم انڈیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

تاثیر،۱۴  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

احمد آباد،14 اکتوبر:احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹیم انڈیانے پاکستان کے 192 رنز کا ہدف 30 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، اور پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔ اس سے قبل ٹیم انڈیا کے گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت بھارت نے یہاں ورلڈ کپ کے 12ویں میچ میں پاکستان کو صرف 191 رنوں تک محدود کر دیا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 42.5 اوور میں 191 رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے شاندار نصف سنچری اننگ کھیلی اور 50 رن بنائے۔ بابر کے علاوہ محمد رضوان نے 49، امام الحق نے 36 اور عبداللہ شفیق نے 20 رن بنائے۔
اس میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ عبداللہ شفیق اور امام الحق نے پاکستان کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 41 رن جوڑے۔ محمد سراج نے ایل بی ونگ شفیق کے ہاتھوں بھارت کو پہلی کامیابی دلائی۔ شفیق نے 20 رن بنائے۔ اس کے بعد 73 کے مجموعی اسکور پر ہاردک پانڈیا نے امام کو راہل کے ہاتھوں کیچ کروا کر بھارت کو دوسری کامیابی دلائی یہاں سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے تیسری وکٹ کے لیے 82 رنوں کی پارٹنر شپ بنا کر پاکستان کے اسکور کو 155 تک پہنچا دیا، یہاں سے لگ رہا تھا کہ پاکستان بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہو جائے گا، لیکن پھر سراج نے بابر اعظم کو بولڈ کر کے بھارت کو ایک وکٹ دے دی۔ بابر نے 58 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 50 رن بنائے۔ بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے سعود شکیل بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور 162 کے مجموعی اسکور پر صرف 6 رن بنانے کے بعد کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کلدیپ نے افتخار احمد (04) کو بولڈ کرکے ہندوستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد جسپریت بمراہ نے محمد رضوان (49) اور شاہ زیب خان (02) کو بولڈ کیا اور پاکستان کے اسکور کو 7 وکٹوں پر 171 رنوں تک محدود کردیا۔ 187 کے مجموعی اسکور پر ہاردک پانڈیا نے محمد نواز (04) کو آؤٹ کر کے بھارت کو آٹھویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد رویندرا جڈیجا نے پہلے حسن علی (12) اور پھر حارث رؤف (02) کو 187 کے اسکور پر آؤٹ کر کے پاکستان کی اننگ کا خاتمہ کیا۔ پاکستانی ٹیم 42.5 اوور میں 191 رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔