پرینکا گاندھی راجستھان میں خواتین کے خلاف جرائم پر کیوں نہیں بولتیں؟راجیہ وردھن سنگھ راٹھور

تاثیر،۲۵  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

جے پور،25؍اکتوبر::بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی ترجمان راجیہ وردھن راٹھور نے بدھ کو کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا کو نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ راجستھان میں خواتین کے خلاف جرائم پر کیوں نہیں بولتی ہیں۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راٹھور نے کہا کہ ریاست میں خواتین کے خلاف تقریباً دو لاکھ جرائم ہوئے ہیں اور کانگریس کا سیاسی ٹورازم ڈویڑن اسے کیسے بھول گیا۔راٹھور نے کہا، پرینکا گاندھی آج راجستھان آرہی ہیں، میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ جب راجستھان میں خواتین کے خلاف جرائم ہوتے ہیں تو وہ کیوں نہیں بولتی؟ آپ کو بتا دیں، پرینکا گاندھی واڈرا آج جھنجھنو ضلع میں ایک جلسہ عام کرنے جا رہی ہیں، انہوں نے گزشتہ جمعہ کو دوسہ میں ایک جلسہ عام کیا تھا۔پرینکا کے جھنجھنو دورے سے ٹھیک پہلے دیے گئے ایک بیان میں راٹھور نے کہا، ’’کیا راجستھان کی خواتین کانگریس پارٹی کے لیے عزت کے لائق نہیں ہیں؟ قول اور فعل میں یہی فرق ہے۔کانگریس پر خوشامد کی سیاست میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے جے پور کے دیہی ایم پی راٹھور نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں کم از کم 350 کسانوں نے خودکشی کی اور تقریباً 19,422 کسانوں کی زمینیں نیلام کی گئیں۔ راٹھوڈ نے یہ بھی کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی تھی اور پرچے لیک ہوئے تھے۔راٹھور نے یقین ظاہر کیا کہ بی جے پی ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات جیت کر حکومت بنائے گی۔ راجستھان میں 200 اسمبلی سیٹوں کے لیے 25 نومبر کو ووٹنگ ہوگی، جب کہ ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔ راجستھان کی دونوں بڑی پارٹیوں، حکمراں کانگریس اور اہم اپوزیشن پارٹی بی جے پی نے بالترتیب یہ الیکشن جیتنے کے لیے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔