تاثیر،۶ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن
کانپور دیہات، 06 اکتوبر:کانپور کے گجنیر تھانہ علاقے میں جمعرات کو دیر رات دو فریق کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ اس دوران ایک شخص کی موت ہو گئی۔ اس لڑائی میں تقریباً چھ افراد زخمی ہوئے۔ اطلاع پر پہنچی پولیس نے لاش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کروا کر کارروائی شروع کر دی ہے۔
گجنیر تھانہ علاقہ کے شاہجہاں پور ننایا میں رہائشی موہن شکلا اور ستیہ نارائن کے درمیان جمعرات کو دیر رات پک اپ پارک کرنے پر جھگڑا ہوا۔ دراصل ستیہ نارائن کے خاندان کو پردھان منتری آواس یوجنا کا فائدہ ملا ہے۔ اس نے تعمیراتی سامان قریبی خالی جگہ میں پھینک دیا تھا۔ گاؤں میں رہنے والے موہن شکلا اپنی پک اپ اسی جگہ کھڑی کرتے تھے۔ اس معاملے کو لے کر دونوں فریق میں جھگڑا ہوا۔
جھگڑا اس حد تک بڑھ گیا کہ دونوں فریق میں لڑائی شروع ہو گئی۔ اس میں ستیہ نارائن اور ان کے اطراف کے کئی لوگ زخمی ہو گئے۔ شدید زخمی حالت میں ستیہ نارائن کو کانپور کے ہالیٹ اسپتال بھیجا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔ لڑائی میں ایک شخص شدید زخمی ہے جس کا علاج جاری ہے۔ کچھ دوسرے لوگ بھی زخمی ہیں ان کو علاج کے لیے مقامی اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔

