پیل خانہ میں فلسطینوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف زبردست احتجاج

تاثیر،۲۷  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

ہوڑہ 27/ اکتوبر (محمد نعیم) اہل غزہ و فلسطین کے مظلوم نہتے مرد و خواتین اور بچوں پر اسرائیل کی جارحانہ بربریت اور مظالم کے خلاف آج بعد نماز جمعہ پیل خانہ کے واٹ کنس لین موڑ پر ایک فعال سماجی ادارہ مسلم لاء کونسل کے بینر تلے ایک زور دار احتجاجی جلسہ اور اجتماعی دعا کا اہتمام مولانا منصور قادری کے زیرِ سرپرستی عمل میں آیا۔ جس میں معصوم بچوں سے اظہارِ اخوت اور اسرائیلی بربریت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ اس معاملے میں مولانا منصور قادری نے کہا کہ اسرائیلی سفاک جارحیت کے سب سے زیادہ شکار خواتین اور بچے ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی حالتِ زار پر پوری دنیا درد اور کرب میں مبتلا ہے۔ جبکہ متذکرہ بالا تنظیم کے ایک اہم رکن ابوالحسن انصاری نے کہا کہ اس وقت غزہ لہو لہو ہے اور ہر سو تباہی اور ملبے کا ڈھیر نظر آرہے ہیں، غزہ کو پانی ، بجلی، خوراک اور ادویات سے محروم رکھا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایسے نازک حالات میں وزیر اعظم نریندر مودی کو اسرائیل کے ساتھ، جو فلسطینیوں کی زمین پر غاصب بھی ہے، اس کی طرفداری کرنا حیرت انگیز ہے۔ دیگر اہم مقررین میں گھسڑی فردوس مسجد کے خطیب و امام مولانا قاری لقمان، تحسین عالم خان، تاج عالم خان، انور علی، مجیب الرحمٰن اور ایڈوکیٹ محمد عارف خان شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر ٹکیہ پاڑہ جامع مسجد کے خطیب و امام علامہ برکات جامعی نے اجتماعی دعا فرمائی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ تقریب کو کامیابی سے ہمکنار کرنے والوں میں عابد قریشی، محمد جبریل، محمد فہیم، محمد سلطان، محمد سمیر، آرزو و دیگر کے نام قابلِ ذکر ہیں۔