تاثیر،۱۷ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
بیجاپور/رائے پور، 17 اکتوبر:چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع کے مدیڈ علاقے میں منگل کی صبح سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ایک بدنام نکسلی مارا گیا۔ یہ انکاونٹر باندے پارہ کے جنگل میں ہوا۔ تین سے چار نکسلیوں اور کوبرا بٹالین کے دو فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ بیجاپور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آنجنیہ وارشنے نے انکاونٹر کی تصدیق کی ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ انکاونٹر کے مقام سے ایک نکسلائیٹ کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ غالباً یہ نکسلی لیڈر ڈی وائی سی ایم ناگیش کی لاش ہے لیکن اس کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔ تصادم کے مقام سے اے کے 47 بھی برآمد ہوا ہے۔ سیکورٹی فورسز کو علاقہ کمیٹی کے انچارج ڈی وائی سی ایم ناگیش، سکریٹری اے سی ایم بچنا، اے سی ایم وشوناتھ اور 15-20 مسلح نکسلیوں کی جنگل میں موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد بیجاپور سے ڈی آر جی، بستر فائٹر، ایس ٹی ایف اور سی آر پی ایف 170 کی مشترکہ ٹیم نکسل مخالف آپریشن پر نکلی۔ منگل کی صبح نکسلیوں نے باندے پارہ کے جنگل میں فوجیوں کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی۔ اس کے بعد فوجیوں نے محاذ سنبھال لیا۔ تقریباً ایک گھنٹے تک دونوں طرف سے فائرنگ ہوتی رہی۔ اس دوران ایک نکسلی مارا گیا جس کے بعد تلاشی مہم تیز کر دی گئی۔

