ڈاکٹرمحمداسجد انصاری نے ایم سی ڈی اسکولوں میں کلچرل پروگرام کا افتتاح کیا

تاثیر،۱۸  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی (18 ؍اکتوبر) جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈنان فارمل ایجوکیشن کے زیرتربیت معلمین ومعلمات ان دنوں ایم سی ڈی اسکولوں میں اسکول انٹرنشپ پر ٹیچنگ پریکٹس کررہے ہیں۔ایم سی ڈی اسکولوں کے طلبا کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے زیرتربیت معلمین ومعلمات نے کلچر پروگرام کا سلسلہ شروع کیا ہے۔اس کے تحت ایم سی ڈی بھرت نگر پرائمری اسکول اور ایم سی ڈی سرائے جولینہ اسکولوں میں کلچرل پروگرام کا افتتاح ڈاکٹرمحمد اسجد انصاری نے نے کیا۔انھوں نے پروگراموں میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اپنی افتتاحی تقریر میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے طلبا وطالبات کی ہمہ جہت نشو ونماکے لیے ثقافتی پروگراموں کے انعقادکی اہمیت پر زوردیا اور کہا کہ اس سے طلبا میں حساسیت اور بیداری پیداہوتی ہے۔ڈاکٹراسجد انصاری نے زیرتربیت معلمین کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی کوششوں کو سراہا۔انھوں نے اسکولوں کے پرنسپل اور اساتذہ کا بھی شکریہ اداکیا جن کی کوششوں سے اس طرح کے پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد ہوسکے۔ان پروگراموں میں اسکولوں کے بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کرکے سامعین وحاضرین کے دل جیت لیے۔پروگرام میں سی سی اے کوآرڈینیٹرڈاکٹرعارف محمد نے بھی شرکت کی۔واضح رہے کہ ڈاکٹرمحمداسجد انصاری جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ٹیچرٹریننگ میں استادہیں اور ڈی ایل ایڈ کے کورس کوآرڈینیٹرہیں۔وہ جامعہ میں اسسٹنٹ پراکٹرکی بھی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔

اس سے پہلے وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ تعلیم میں تدریسی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ شعبے کے زیرتربیت معلمین ومعلمات کو معیاری ٹیچربنانے پر وہ کافی توجہ مرکوز کررہے ہیں تاکہ وہ موجودہ تقاضوں کو سمجھ کر ان کے مطابق خود کو تیارکرسکیں۔