کنگارؤںکے پسینے چھوٹے ،ہارکر بھی نیوزی لینڈ نے بنائی تاریخ

تاثیر،۲۸  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 28اکتوبر:کرکٹ ورلڈ کپ کے 27ویں میچ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹکر ہوئی۔ آسٹریلوی ٹیم نے میگا ایونٹ کے آغاز میں دو شکستوں کے بعد اپنا رنگ بدلنا شروع کر دیا۔ جیت کی ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد کینگرو ٹیم نے نیوزی لینڈ کو نشانہ بنایا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے بعد یہ ورلڈ کپ میں دوسرا دلچسپ میچ تھا۔ 388 رنز کا بڑا اسکور بنانے کے بعد بھی آسٹریلیا کے پسینے چھوٹ گئے۔نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر کینگرو ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جس کے بعد کنگارو اوپنرز نے کیوی ٹیم کو وکٹوں کے لیے ترسادیا۔ ڈیوڈ وارنر نے 81 رنز کی اننگز کھیلی، دوسرے اینڈ پر ٹریوس ہیڈ نے صرف 67 گیندوں پر 109 رنز بنائے۔ ہیڈ کی اننگز میں 10 چوکے اور 7 فلک بوس چھکے شامل تھے۔ اس کے ساتھ ہی نچلے آرڈر میں میکسویل، جوش انگلس اور کپتان کمنز نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے اور 41، 38، 37 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔ ان اننگز کی بدولت کینگرو ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 389 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا۔وہیں بڑے ہدف کو دیکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کمزور دکھائی دے رہی تھی لیکن نیوزی لینڈ کے اسٹار آل راؤنڈر راچن رویندرا نے اپنی طوفانی سنچری سے آسٹریلیا کا بھرم توڑ دیا۔ رویندرا نے صرف 89 گیندوں پر 116 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ ڈیرل مچل اور جیمز نیشم نے اپنی طوفانی نصف سنچریوں سے کینگرو ٹیم کو چھکے رسید کئے۔آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان جوش و خروش ایسا تھا کہ میچ کا نتیجہ آخری گیند پر آ گیا۔ جیمز نیشم کی طوفانی نصف سنچری نے اس میچ کو توازن میں ڈال دیا تھا۔ نیوزی لینڈ کو آخری اوور میں جیت کے لیے 19 رنز درکار تھے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم کو جیت کے لیے آخری 3 گیندوں پر 9 رنز درکار تھے۔ لیکن جیمز نیشم کی اننگز یہیں ختم ہو گئی۔ جس کی وجہ سے آسٹریلیا نے یہ میچ 5 رنز سے جیت لیا۔حالانکہ یہ میچ آسٹریلیا نے جیت لیا ، لیکن کیوی ٹیم نے ورلڈ کپ کی تاریخ کے صفحات میں اپنا نام درج کرایا ہے۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے تعاقب کرتے ہوئے 383 رنز بنائے۔