تاثیر،۱۱ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،11اکتوبر:دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بدھ کو دہلی کے اوکھلا سے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولا۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا ’’تمام فائلوں کی جانچ ہوئی تھی، ایک پیسے کا بھی گھوٹالہ نہیں نکلا۔ دو سار سے ہمارے سینئر لیڈروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ منیش سسودا کے خلاف ثبوت نہیں ملے۔ وزیر اعظم مودی عآپ کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ‘‘کیجریوال نے مزید کہا، ’’ عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کے خلاف فرضی مقدمے چل رہے ہیں۔ مودی کے کاموں اور الفاظ میں تکبر ہے۔ مودی نے ملک کا ماحول خراب کر دیا ہے۔ ہر کوئی ان سے خوفزدہ ہے۔ وزیر اعظم عآپ کو کچلنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ 2015 میں جیسے ہی ہماری حکومت بنی، شنگلو کمیٹی بنائی گئی، 400 فائلوں کی جانچ کی گئی لیکن کوئی بے ضابطگی نہیں پائی گئی۔ اب تک جتنے بھی فیصلے آئے ہیں، ان میں کوئی بے ضابطگی نہیں پائی گئی۔ اب تک جو بھی فیصلے سنائے گئے ہیں وہ تمام ہمارے حق میں رہے۔‘‘وزیر اعلیٰ نے کہا، “پچھلے دو سالوں میں انہوں نے ہمارے وزراء اور بڑے لیڈروں کو گرفتار کرنا شروع کر دیا، گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ میں منیش سسودیا کے معاملے میں ہوئی سماعت میں، جج بار بار کہہ رہے تھے کہ کوئی ثبوت نہیں ہے، کو ثبوت تو پیش کریں۔ میں مودی جی کو چیلنج کرتا ہوں، اگر آپ کو ایک پیسے کی بھی کوئی چیز ملی ہے تو بتائیں، کیا آپ کو لگتا ہے کہ اگر آپ کو کچھ مل جاتا تو آپ مجھے چھوڑ دیتے؟‘‘دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دو دن پہلے ان لوگوں کے خلاف تمام مقدمات بند کر دیے گئے جنہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے 70000 کروڑ روپے کا گھپلہ کیا ہے، کیونکہ وہ ان میں شامل ہو گئے تھے۔ موربی پل پر کوئی چھاپہ نہیں مارا۔ کرناٹک میں کوئی چھاپہ نہیں پڑا، سی اے جی رپورٹ میں گھوٹالے سامنے آئے لیکن کوئی چھاپہ نہیں پڑا۔ اگر کسی ملک کے بادشاہ میں اتنی انا ہو تو ملک ترقی کیسے کرے گا؟ آج ملک کا ماحول بہت خراب ہو چکا ہے اور لوگ ہندوستان چھوڑ کر دوسرے ممالک کی شہریت لے رہے ہیں۔ صنعتکار، تاجر، عام لوگ اور میڈیا سب خوفزدہ ہیں۔