تاثیر،۱۰ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
گیا، 10 اکتوبر: بہار کے گیا میں شوہر نے بیوی کا قتل کر دیا۔ دونوں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ اس کے بعد شوہر نے بیوی کو رسی کی مدد سے گلا دبا کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک کباڑی والے نے مقتول خاتون کو دیکھا۔ اس نے شور مچایا تو مقامی لوگ موقع پر جمع ہوگئے۔ اس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی۔
واقعہ گیا شہر کے کوتوالی تھانہ علاقے میں پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ میاں بیوی کرائے کے مکان میں رہ رہے تھے۔ بیوی کا مائکہ اسی محلے میں ہے۔ معلومات کے مطابق رفیع گنج رہائشی عامر عرف تیرے کی شادی 9 سال قبل بیراگی محلہ کی پرتیما دیوی سے ہوئی تھی۔ شادی کے بعد کچھ دن تو سب کچھ ٹھیک رہا لیکن دو بچوں کی پیدائش کے بعد مالی حالات کو لے کر جھگڑے شروع ہوگئے۔
دریں اثنا شوہر اور بیوی اپنے دو بچوں کو رفیع گنج میں چھوڑ کر گیا کے بیراگی علاقے میں کرائے کے مکان میں رہ رہے تھے۔ اس دوران میاں بیوی کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا اور پھر منگل کیروز شوہر نے بیوی کا گلا دبا کر قتل کردیا۔ واردات کے بعد شوہر موقع سے فرار ہو گیا۔ اسی دوران وہ اپنی بیوی کا موبائل فون بھی لے کر بھاگ گیا۔
جب متوفی کے میکے والوں کو اس واقعہ کا علم ہوا تو وہ موقع پر پہنچے اور کوتوالی تھانے میں اس معاملے کی ایف آئی آر درج کرائی۔ ادھر کوتوالی تھانے کی پولیس ملزم شوہر کی تلاش میں چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ کوتوالی پولیس نے شادی شدہ خاتون کی لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مگدھ میڈیکل کالج اسپتال بھیج دیا ہے۔ پولیس نے موقع سے رسی کا ایک ٹکڑا بھی برآمد کیا ہے۔

