ہریانہ کے سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے سات کی موت، 24 زخمی

تاثیر،۹  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن

چنڈی گڑھ،9اکتوبر: ہریانہ کے حصار سے نینی تال گھومنے آنے والے سیاحوں کی گاڑی اتوار کو دیر شام کھائی میں گر گئی جس میں سات سیاحوں کی موت ہو گئی اور 24 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ہلدوانی کے سشیلا تیواری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔نینی تال کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) پی این مینا کے مطابق، ہریانہ کے حصار سے سیاحوں کا ایک گروپ کچھ دن پہلے نینی تال گھومنے آیا تھا۔ سیاحوں کا گروپ آج شام دیر واپس جارہا تھا۔ اس دوران نینی تال-کالاڈھونگی روڈ پر گھاٹ گڑھ کے قریب ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوکر گہری کھائی میں گر گئی۔ گاڑی میں 31 افراد سوار تھے۔اس حادثے میں سات افراد کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں ڈرائیور سمیت پانچ خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ تمام زخمیوں کو کھائی سے نکال کر سشیلا تیواری اسپتال لے جایا گیا۔ دیگر ڈرائیوروں نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔فوری طور پر نینی تال، اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کالاڈھونگی پولیس اسٹیشن اور ہلدوانی پولیس کو موقع پر بھیجا گیا۔ ایس ایس پی مینا نے خود موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں کیں۔ اندھیرے کے باعث امدادی کاموں میں کچھ مشکلات پیش آئیں۔پولیس نے جنریٹر کا انتظام کیا اور راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں کیں۔ جس کے بعد بڑی مشکل سے زخمیوں اور لاشوں کو کھائی سے باہر نکالا جا سکا۔ مہلوکین ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی ہے جب کہ زخمیوں میں سے بیشتر حصار کے رہائشی ہیں۔ضلع مجسٹریٹ وندنا بھی زخمیوں کی حالت جاننے کے لیے سشیلا تیواری اسپتال پہنچی اور ان کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔