ایکسائز گھوٹالہ: منیش سسودیا عدالت میں پیش، اگلی سماعت 11 دسمبر کو

تاثیر،۲۱  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 21 نومبر: دہلی ایکسائز گھوٹالہ معاملے کے ملزم دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا آج راوز ایونیو کورٹ میں پیش ہوئے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 11 دسمبر کو ہوگی۔
آج سماعت کے دوران عدالت نے سسودیا کے وکلا سے کہا کہ آپ کیس کی سماعت میں تاخیر کرنا چاہتے ہیں۔
10 نومبر کو عدالت نے سسودیا کو اپنی بیمار بیوی سے ملنے کی اجازت دی تھی۔ 30 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے سسودیا کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ 25 اپریل کو سی بی آئی نے دہلی میں اس معاملے میں ضمنی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں سسودیا کو بھی ملزم بنایا تھا۔ سسودیا کے علاوہ جن کو سپلیمنٹری چارج شیٹ میں ملزم بنایا گیا ہے ان میں بوچی بابو، ارجن پانڈے اور امندیپ ڈھل شامل ہیں۔ بوچی بابو، تلنگانہ کے وزیر اعلی کے سی راؤ کی بیٹی کے کویتا سی اے رہ چکی ہیں۔
سسودیا کو سی بی آئی نے 26 فروری کو گرفتار کیا تھا۔ 25 نومبر 2022 کو سی بی آئی نے پہلی چارج شیٹ داخل کی۔ عدالت نے اس سے قبل 15 دسمبر 2022 کو چارج شیٹ کا نوٹس لیا تھا۔ عدالت نے ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 120بی اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 7، 7اے اور 8 کے تحت الزامات طے کیے تھے۔ پہلی چارج شیٹ میں جن ملزمان کے خلاف عدالت نے نوٹس لیا ہے ان میں کلدیپ سنگھ، نریندر سنگھ، وجے نائر، ابھیشیک بوئن پلی، ارون رام چندر پلئی، متھو گوتم اور سمیر مہندرو شامل ہیں۔