تائیوان کے وفد نے کیا علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا دورہ

تاثیر،۲۶  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

علی گڑھ، 26 نومبر: ہندوستان میں تائپے اکنامک اینڈ کلچرل سینٹر (ٹی ای سی سی) کے معاون نمائندے اور ڈائریکٹر، ایجوکیشن ڈویڑن مسٹر پیٹرس چن نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فارن لینگویجز کا دورہ کیا اور اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ پروفیسر گلریز نے تائیوان کے نمائندے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اے ایم یو اور ٹی ای سی سی کے درمیان اشتراک و تعاون پر زور دیا۔ شعبہ فارن لینگویجز میں اپنے کلیدی خطاب میں مسٹر پیٹرس چن نے طلباء￿ کی کارکردگی اور اے ایم یو کی مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی گفت و شنید اے ایم یو اور تائیوان کے درمیان مزید تعاون اور اشتراک کی راہ ہموار کرے گی۔ انہوں نے طلباء￿ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے تعلیمی سیشن کے لئے تائیوان کے اسکالرشپ کے لیے درخواست دیں۔ یہ دورہ ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ یہ ٹی ای سی سی کے کسی نمائندے کی طرف سے اپنی نوعیت کا اے ایم یو کا پہلا دورہ تھا، جس کا مقصد جمہوریہ چین (تائیوان) کے ٹی ای سی سی کے ساتھ ممکنہ تعلیمی و ثقافتی رابطے قائم کرنا اوردونوں ممالک کے درمیان اشتراک و تعاون کو مستحکم کرنا تھا۔اس سے قبل، پروگرام کے کنوینراور چینی زبان کے اسسٹنٹ پروفیسر مسٹر محمد یاسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح تائیوان ہندوستانی شہریوں کے لیے تجارتی روابط، تعلیمی تعاون اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم منزل بن گیا ہے۔ فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین پروفیسر محمد اظہر نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں اس طرح کے پروگراموں کو مفید قرار دیتے ہوئے مزید تعاون اور ثقافتی رابطوں کی ضرورت اجاگر کی۔ فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے سابق ڈین پروفیسر جاوید اقبال نے تائیوان کی جانب سے ہندوستانی شہریوں کو فراہم کیے جانے والے مواقع پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر رخشندہ فاضلی نے مشترکہ تحقیق، انٹرن شپ اور تبادلہ پروگراموں میں تعاون کی گنجائش پر زور دیا۔ چینی زبان کے طالب علم عزیب خان نے چینی نغمہ گایا جبکہ ایم اے سال اول کے ایک دیگر طالب علم انس علی نے چینی زبان میں تقریر کی۔ بی اے سال آخر کی طالبہ عالیہ خان نے شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت چینی زبان کی طالبات نازنین حیدر خان اور عرشی مرزا نے کی۔ چینی زبان کے اسسٹنٹ پروفیسر مسٹر ادے سنگھ کنور اور مسٹر کانت کمار، پروگرام کے شریک کنوینر تھے۔