دہلی-این سی آر میں سانسوں کے بحران پر راحت کی پھوہار

تاثیر،۱۰  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 10 نومبر: قومی راجدھانی دہلی-این سی آر میں رات سے جاری بارش نے آج (جمعہ) صبح سانسوں کوراحت دی۔ صبح سیر کے لیے جانے والوں کو سانس لینے میں زیادہ پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ تاہم کئی جگہوں پر ہوا کا معیار اب بھی خراب ہے۔ اگر مزید بارش ہوتی ہے تو یقیناً بہتری آسکتی ہے۔ حکومت اور عدالت بحران کے فوری حل کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔ آسمان پر بادلوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ قدرت نے بھی مورچہ سنبھال لیا ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق، دہلی-این سی آر میں ہوا کی کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی سطح آج صبح 400 تک پہنچ گئی تھی۔ جمعرات کو یہ 500 سے تجاوز کر گئی تھی۔ آج صبح اے کیو آئی آنند وہار میں 462، آر کے پورم میں 461، پنجابی باغ میں 460 اورآئی ٹی او میں 464 رہا۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ دہلی-این سی آر میں آئندہ چند دنوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو فضائی آلودگی میں مزید بہتری آسکتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی-این سی آر کی ہوا ایک ہفتہ تک اتنی زہریلی تھی کہ دارالحکومت کا کوئی بھی علاقہ سانس لینے کے قابل نہیں تھا۔ آج ہونے والی راحت کی بارش سے لوگوں کو صاف ہوا بھی ملی ہے۔ دریں اثنا، دہلی میں گروپ 4 کے قوانین نافذ ہیں۔