عسّر بس حادثے کے بعد ڈوڈہ میں ٹریفک پولیس کی سختی ،31 گاڑیاں ضبط

تاثیر،۲۰  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

ڈوڈہ،20 نومبر:جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں ٹریفک قوانین کی عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے ضلع کی تمام شاہراہوں ،اندرونی رابطہ سڑکوں پر گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔عسّر بس حادثے کے بعد پورے ضلع میں ٹریفک پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ ہائی الرٹ ہے۔ٹریفک پولیس کی طرف سے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کوئی بھی گاڑی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کرے۔اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ کے متعلقہ ضوابط کے مطابق گاڑیوں کی حالت کو بھی دیکھا جا رہا ہے۔ضلع میں نجی و مسافر گاڑیوں کے چلانے والوں کے لائسنس و دیگر کاغذات کو چیک کیا جا رہا ہے۔ساتھ ہی ایس ایس پی ٹریفک کے فون نمبر پر مشتمل پوسٹرز کو گاڑیوں کے باہر اور اندر چسپاں کیا جا رہا ہے۔جس میں مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع پولیس کو دیں تاکہ قصورواروں کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم نے بتایا کہ پولیس نے آپریشن بچاؤ کے تحت ایک خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔جس کے لئے الگ الگ جگہوں پر ناکہ بندی کی جا رہی ہے۔بٹوت کشتواڑ ،ڈوڈہ قومی شاہراہ کے علاوہ تمام لنک روڈ پر گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ پولیس لوگوں کی جان کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اس مہم کو جاری رکھا جائے گا۔اس کے علاوہ تمام گاڑیوں ،بس ،منی بسوں کے مالکان کو سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اور پندرہ یوم کے اندر کیمرے نصب کرنے کی ڈیڈ لائن جاری کی گئی ہے۔جو کیمرے نصب کرنے میں ناکام رہے گا تو اْس گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ایس ایس پی نے بتایا کہ ضلع میں پہلے ہی اسکول کی گاڑیوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔جاری مہم کے دوران 31 گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے جبکہ سات گاڑی مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئیں ہیں۔