مانڈرمیں سماج دشمن عناصر نے مندر کی مورتی میں توڑ پھوڑ کی، سڑک جام

تاثیر،۱۷  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

رانچی، 17 نومبر: مانڈر تھانہ علاقہ کے مڑما میں جمعہ کی صبح سماج دشمن عناصر کی جانب سے مندر کی مورتی کو توڑنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد مشتعل لوگوں نے نیشنل ہائی وے کو جام کر دیا ہے۔
چار مندروں کی مورتیاں توڑ دی گئی ہیں۔ ان میں مہاویر مندر، چھوٹا بجرنگ بلی مندر، بوڑھا مہادیو اور مڑئی دیوی منڈپ شامل ہیں۔ نامعلوم سماج دشمن عناصر نے واردات کو انجام دیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مشتعل لوگوں نے این ایچ-75 پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔ اس کے علاوہ کئی مقامات پر سڑکیں جام کر دی گئی ہیں۔ مشتعل افراد نے واقعے میں ملوث افراد کی جلد گرفتاری اور ملزمان کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سڑک جام ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ کر کیمپ کر رہی ہے اور مشتعل لوگوں کو سمجھاکر سڑکیں کھلوانے کی کوشش کر رہی ہے۔