مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات : وزیر دنگ، کرشنا گور اور وی ڈی شرما نے ڈالا ووٹ

تاثیر،۱۷  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 17 نومبر: مدھیہ پردیش کی تمام 230 اسمبلی سیٹوں کے لیے جمعہ کی صبح سے ووٹنگ شروع ہوئی۔ عام ووٹروں کے ساتھ ساتھ بی جے پی اور کانگریس کے امیدوار بھی ووٹ ڈالنے پہنچے۔ ریاستی وزیر اور بی جے پی امیدوار ہردیپ سنگھ دنگ نے ووٹروں کے ساتھ لائن میں کھڑے ہوکر ووٹ ڈالا۔ وہ اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے سواسرا کے سرکاری اسکول پہنچے تھے۔ ووٹ ڈالنے کے بعد انہوں نے لوگوں سے زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔
بھوپال کی گووند پورہ سیٹ سے بی جے پی امیدوار کرشنا گور 74 بنگلو پر واقع محکمہ جنگلات کے پولنگ اسٹیشن پہنچیں اور اپنا ووٹ ڈالا۔ اس کے علاوہ بی جے پی کے ریاستی صدر وی ڈی شرما نے بھوپال کے حضور اسمبلی کے پولنگ بوتھ میں اپنا ووٹ ڈالا۔ وی ڈی شرما نے ووٹنگ سے پہلے گھر میں پوجا کی۔
رابطہ عامہ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ وزیر راجندر شکل نے ریوا اسمبلی حلقہ میں اپنا ووٹ ڈالا۔ وہ اپنے خاندان کے ساتھ وارڈ نمبر 23 امہیا کے پولنگ اسٹیشن نمبر 11 میں ووٹ ڈالنے پہنچے۔ وزیر راجندر شکل نے بھی تمام ووٹروں سے جمہوریت کو مضبوط کرنے اور قومی مفاد میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔