وزیر اعلیٰ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال مونگیر کا سنگ بنیاد رکھا، فیلڈ اسپتال اوربچوںکے آئی سی یو یونٹ کا بھی افتتاح کیا

تاثیر،۲۵  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 25 نومبر 2023:وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے آج ریمورٹ کے ذریعہ گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال مونگیر کی تعمیر کے کام کا سنگ بنیاد، کوویڈ19ایمرجنسی رسپانس پیکج فیز 2 کے تحت صدر اسپتال ،مونگیر کے احاطہ میں 7.50 کروڑ روپے کی لاگت سے 100بیڈ پری فیب فلڈ اسپتال کی تعمیر کے کام کا افتتاح کیا ۔ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے کوویڈ 19 ایمر جنسی رسپانس پیکج فیز 2کے تحت صدر اسپتال مونگیر کے احاطہ میں 2.55 کروڑ روپے کی لاگت سے پری فیب میٹریل سے تعمیر 32بیڈ والے بچوں کے آئی سی یو یونٹ کے نام کی تخی کی نقاب کشائی کی ۔ اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے مونگیر ضلع کے جمال پور بلاک کے تحت بانک پنچایت کے منگرا پوکھر سندل پور میں منعقد پروگرام کا شمع روشن کر کے باقاعدہ افتتاح کیا ۔

اس موقعہ پر منعقد پروگرام کو خطاب کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گورنمنٹ کالج اور اسپتال کی سنگ بنیاد تقریب میں موجود تمام لوگوں کا خیر مقدم کر تا ہوں ۔ میڈیکل کالج کے ساتھ ساتھ یہاں اسپتال کی بھی تعمیر ہو اس سلسلہ میں ہم نے افسران کو ہدایت دے دی ہے ۔ ساتھ ہی محکمہ کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال کی تعمیر کا کام اسی سال شروع کرائیں ۔ انتخاب وغیرہ کے چکر میں نہ پڑ کر تعمیر کا کام جلد شروع کرائیں ۔ 630بیڈکے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ یہاں بیڈوں کی تعداد مزید بڑھائیں ۔ جب تعمیر کاکام شروع ہو گا تو ہم دیکھنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مونگیر تاریخی مقام ہے ۔ ہم ہمیشہ مونگیر آکر گھومتے رہے ہیں ۔ ہم نے للن بابو سے کہا تھا کہ آپ مونگیر سے ہی رکن پارلیمنٹ بنیں ۔ آپ لوگوں سے گزارش ہے کہ للن بابو کو ہمیشہ رکن پارلیمنٹ بنائے رکھئے ۔ سال 2005سے جب ہم کو بہار میں کام کر نے کا موقعہ ملا اس وقت سے ہم لوگوں نے ترقیات کے بہت سے کام کیے ہیں ۔ ایک ایک چیز پر توجہ دی جارہی ہے ۔ ہم لوگ کام کر نے والے لوگ ہیں ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کل میڈیا والوں پر مرکزی حکومت نے قبضہ کر لیا ہے ۔ ہم لوگ میڈیا کے حق میں ہیں ۔ میڈیا والے اچھے لوگ ہیں لیکن انہیں وہ لوگ لکھنے نہیں دیتے ہیں ۔ مرکزکے دو لیڈران کی ہی ان دنوں تشہیر ہو تی ہے ۔ ان کی باتوں کو ہی شائع کیا جاتا ہے ۔ ہم لوگ سب کے مفاد میں بات کررہے ہیں ۔ ہم لوگوں نے دہلی جاکر وزیر اعظم سے پورے ملک میں ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کامطالبہ کیا تھا ،لیکن ان لوگوں نے نہیں سنا ۔ ہم لوگوں نے بہار میں تمام پارٹیوں کے اتفاق رائے سے ذات پر مبنی گنتی کرائی ۔ ایک ایک کنبہ کی معاشی صورتحال کی معلومات حاصل کی گئی ہے ۔ پہلے ایس سی کو 16 فیصد اور ایس ٹی کو 1فیصد ریزر ویشن ملتا تھا ۔ اب ایس سی کا ریزر ویشن 20فیصد اور ایس ٹی کا ریزر ویشن 2فیصد کر دیا کیا ہے ۔ پسماندہ ، انتہائی پسماندہ ایس سی ، ایس ٹی کے ریزرویشن کو بڑھا کر 65فیصدکر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں بہار قانون ساز اسمبلی اور بہار قانون ساز کونسل سے اتفاق رائے سے تجویز پاس کی گئی ۔ ہم لوگوں نے ذات پر مبنی گنتی کی رپورٹ کو عام کر دیا ہے اور اس کے مطابق لوگوں کو منصوبہ بنا کر مدد دینے کا کام کیا جارہا ہے ۔ جنرل طبقہ کے اقتصادی طور پر کمزور لوگوں کو مرکزی حکومت کے ذریعہ پہلے سے ہی 10فیصد ریزر ویشن کا فائدہ دیا جارہا ہے ۔ جس کی ہم لوگوں نے مکمل طور پر حمایت کی تھی ۔ اس کو ملاکر اب بہار میں 76فیصد ریزر ویشن کا فائدہ دیا جارہا ہے ۔ ہم لوگ ہر غریب کنبہ کو 2لاکھ روپے کی مدد کریں گے ،تاکہ اس سے لوگ کوئی روزگار کر سکیں ۔


وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم طویل عرصے سے بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہم خصوصی درجہ کے لیے ایک مہم چلائیں گے، ہمیں اس میں آپ کے تعاون کی ضرورت ہے۔ ہم متحد ہو کر بہار کو آگے لے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ کی کال پر پروگرام میں موجود لوگوں نے اپنے اپنے مقامات پر کھڑے ہو کر بہار کو خصوصی درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو بھیجی گئی تجویز کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دم پر بہار سے غربت کوہم لوگ5 سال میں ختم کر سکتے ہیں، لیکن خصوصی ریاست کا درجہ ملنے سے2 سال میں یہاں سے غریبی ختم ہو جائے گی۔ مرکزی حکومت کوئی کام نہیں کر رہی ہے بلکہ صرف اپنی تشہیر کر رہی ہے۔ ہم اپنے کام میں لگے رہتے ہیں۔ ریاست کی ترقی کے لیے ایک ایک کام پر توجہ دیتے ہیں۔ یہاں کے لوگ جب بھی ہمیں بلائیں گے ہم یہاں آتے رہیں گے۔ مجھے یہ جگہ بہت پسند ہے۔ میں اس عظیم سرزمین کو سلام کر تا ہوں اور آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری جناب پرتییامرت نے وزیر اعلیٰ کو پودا پیش کر کے خیرمقدم کیا۔ مقامی عوامی نمائندوں اور رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ کا پھولوں کے ہار پہنا کر استقبال کیا۔ مونگیر کے ڈویژنل کمشنر مسٹر سنجے کمار سنگھ اور ضلع ڈی ایم مسٹر اونیش کمار سنگھ نے وزیر اعلیٰ کو مومینٹو پیش کیا۔
پروگرام کو نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت جناب تیجسوی پرساد یادو، رکن پارلیمنٹ جناب راجیو رنجن سنگھ عرف شری للن سنگھ اور محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹرپرتیے امرت نے بھی خطاب کیا۔ مونگیر کے ڈی ایم مسٹر اونیش کمار سنگھ نے کلمات تشکر پیش کیا۔

اس موقع پر رکن اسمبلی ڈاکٹر اجے کمار سنگھ، رکن اسمبلی مسٹر راجیو کمار سنگھ، رکن قانون ساز کونسل جناب وجے کمار سنگھ،رکن قانون ساز کونسل جناب اجے کمار سنگھ، سابق وزیر جناب شیلیش کمار، سابق رکن قانو ساز کونسل سنجے پرساد،بہار ریاستی انتہائی پسماندہ کمیشن کے رکن مسٹر گیان چند پٹیل، مونگیر جے ڈی یو کے ضلع صدرجناب نچیکیتا منڈل، آر جے ڈی کے ضلع صدر جناب ترلوکی پرساد شرما، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر پرتیے امرت، مونگیر کے ڈویژنل کمشنر مسٹر سنجے کمار سنگھ، مونگیر زون کے ڈی آئی جی مسٹر سنجے کمارسنگھ ، ڈی ایم مسٹر اونیش کمارسنگھ ، ایس پی مسٹر جگوناتھ جالا ریڈی سمیت دیگر اہم شخصیات ،سینئر افسران اور بڑی تعداد میں عام لوگ موجود تھے ۔