کسی کو دوسری یا چوتھی بار وزیراعظم بنانے سے بہتر ہے عوام مجھے موقع دیں:بلاول بھٹو

تاثیر،۱۷  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

اسلام آباد ،17نومبر:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو جدید ریاست بنانے کے لیے ہمیں ماضی کی سیاست کو خیرباد کہنا ہوگا اور نوجوان نسل کے لیے ایک نیا راستہ بنانا پڑے گا لہذا عوام کسی کو دوسری یا چوتھی بار وزیراعظم بنانے سے بہتر ہے مجھے ایک بار موقع دیں، مایوس نہیں کروں گا۔بلاول بھٹو زرداری نے ایبٹ آباد میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور عوام کا رشتہ تین نسلوں کا ہے، صدر زرداری کی خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے بے انتہا خدمات ہیں اور انہوں نے اس صوبے کے عوام کو خیبرپختونخوا کا نام دے کر صوبے کے عوام کو شناخت دی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا کے عوام کو این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے ان کے حقوق دلوائے، پیپلز پارٹی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دیا تھا کہ غریب خواتین کی مدد اور انہیں بااختیار بنایا جا سکے اور وہ غربت سے نمٹ سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی جدوجہد ابھی جاری ہے، ابھی ہم نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن پورا کرنا ہے، اگر ہم ساتھ مل کر کام کریں گے تو آنے والی حکومت عوامی حکومت ہو گی۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت مہنگائی تاریخی سطح پر ہے اور ہمارے لیڈر اور بیوروکریٹس ان مشکلات کا اندازہ نہیں لگا سکتے جس کا شکار پاکستان کے عوام ہیں، پاکستان کی دیگر سیاسی پارٹیاں گزرے وقت کی سیاست کر رہی ہیں لیکن اگر ہم اپنی مشکلات کا خاتمہ چاہتے ہیں تو ہمیں ایک نئی قیادت اور سوچ چاہیے جو نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیر خارجہ میں یہ ثابت کر چکا ہوں کہ اگر نوجوان قیادت کو موقع دیا جائے تو وہ ہر امتحان میں پورا اتر سکتے ہیں، اگر نیت صاف ہو تو عوام کی خدمت کرنا مشکل نہیں اور ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور دن رات ان کی خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور اب ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ملک کی باگ ڈور خدمت کا جذبہ رکھنے والی نوجوان قیادت کو دی جائے یا ان لوگوں کو جو ابھی تک ماضی کی سیاست میں پھنسے ہوئے ہیں۔بلاول نے کہا کہ کسی کو دوسری یا چوتھی بار وزیراعظم بنانے سے بہتر ہے عوام مجھے ایک بار موقع دیں مایوس نہیں کروں گا، ہماری مخالفت مسلم لیگ(ن) یا پی ٹی آئی سے نہیں بلکہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی سے ہے جس کی وجہ سے ہمارے ملک کے عوام مشکلات کا شکار ہیں، جب تک ہم ایک ایسی حکومت نہیں قائم کر لیتے جو نوجوانوں کو ملازمت دے، غربت سے نمٹے اور مہنگائی ختم کرے، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی حکومت میں ایک پانچ سالہ منصوبہ بنائیں گے جس کے تحت تنخواہوں کو دوگنا کر دیں گے، اگر حکومت اپنی ساری توانائیاں اس ضمن میں خرچ کرے تو عوام خوشحال ہوں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کا کاروبار پھلے پھولے اور اس سے تمام لوگ فائدہ اٹھائیں۔