کشمیر میں صبح و شام دھند چھائے رہنے کا امکان

تاثیر،۱۷  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

سری نگر، 17 نومبر:کشمیر میں ماہر موسمیات نے دھند کے موسم کی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے اونچی علاقوں میں کئی مقامات پر منفی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ جموں و کشمیر میں موسمی حالات میں کوئی خاص تبدیلی متوقع نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کشمیر بھر میں صبح اور شام کے اوقات میں ہلکی دھند جاری رہے گی۔
پیشن گوئی کے مطابق موسم کی صورتحال 26 نومبر تک خشک رہے گی۔ اس کے باوجود انہوں نے مزید کہا کہ اس مدت کے دوران کچھ دنوں تک ابر آلود موسم کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت اگلے چند دنوں میں تقریباً ایک ڈگری سیلسیس رہے گا جبکہ اونچائی میں، مختلف مقامات پر منفی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جموں و کشمیر میں یکم اکتوبر سے 15 نومبر تک زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں سب سے زیادہ بارش سانبہ میں ریکارڈ کی گئی ہے جہاں 14.5 ملی میٹر کی معمول کی بارش کے مقابلے 119.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سری نگر میں تاہم 45.0 ملی میٹر کی معمول کی بارش کے مقابلے میں زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے، ضلع میں 70.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 11 اسٹیشنوں میں زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کشمیر میں شوپیاں واحد اسٹیشن ہے جہاں اس مدت کے دوران 39 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔